• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

سونو نگم پر شیوسینا رکن اسمبلی کے بیٹے کا حملہ

شائع February 21, 2023
حملے کا مقدمہ دائر کردیا گیا—اسکرین شاٹ
حملے کا مقدمہ دائر کردیا گیا—اسکرین شاٹ

بھارت کے معروف پلے بیک سنگر، موسیقار اور نغمہ نگار سونو نگم پر انتہا پسند جماعت شیو سینا کے رکن اسمبلی کے بیٹے نے میوزک کنسرٹ کے بعد سیلفی کے لیے وقت نہ دینے پر حملہ کردیا۔

نئی دہلی ٹیلی وژن (این ڈی ٹی وی) کی رپورٹ کے مطابق سونو نگم پر شیو سینا کے رکن ریاستی اسمبلی پرکاش پھترپیکر کے بیٹے اور اس کے ساتھیوں نے اس وقت حملہ کیا جب گلوکار کنسرٹ ختم کرکے جارہے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریاستی اسمبلی مہاراشٹر کے رکن کے بیٹے نے پہلے سونو نگم کی ٹیم کے ارکان کو گلوکار کے ساتھ سیلفی بنوانے کی درخواست کی اور انکار پر انہوں نے ساتھیوں سمیت گلوکار کی ٹیم پر حملہ کردیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ رکن اسمبلی کے بیٹے اور ان کے دوستوں کے حملے میں سونو نگم کی ٹیم کے رکن سخت زخمی ہوگئے جب کہ دھکم پیل میں سونو نگم بھی گر گئے اور انہیں بھی معمولی چوٹیں لگیں۔

رپورٹ کے مطابق بعد ازاں گلوکار کی ٹیم کے زخمی شخص کو ہسپتال میں طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا جب کہ سونو نگم نے حملے کا مقدمہ بھی درج کروا دیا۔

پولیس نے بھی سونو نگم اور ان کی ٹیم پر حملے کی تصدیق کی اور بتایا کہ جھگڑا گلوکار کے ساتھ سیلفی کھچوانے کی اجازت نہ دینے پر ہوا۔

پولیس کے مطابق جھگڑے میں کوئی بھی شدید زخمی نہیں ہوا اور کوئی بھی بڑا حادثہ رپورٹ نہیں ہوا، تاہم معاملے کی مزید تحقیق کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سونو نگم کے میوزک کنسرٹ کا اہتمام کرنے والے افراد نے بھی گلوکار سے حملے پر معافی مانگتے ہوئے ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔

سونو نگم پر شیو سینا کے رکن اسمبلی کے بیٹے کے حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگوں نے شیو سینا کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024