• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

لمس یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے’بولی وڈ ڈے’ منانے پر تنازع

شائع February 20, 2023
سوشل میڈیا پر لوگوں نے طلبہ پر تنقید کی—اسکرین شاٹ
سوشل میڈیا پر لوگوں نے طلبہ پر تنقید کی—اسکرین شاٹ

پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمس) کے آخری سال کے طالب علموں کی جانب سے فیئرویل پارٹی کے طور پر ’بولی وڈ ڈے‘ منانے پر تنازع ہوگیا، جہاں کئی لوگوں نے طلبہ کی حمایت کی، وہیں متعدد افراد نے انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا۔

لمس کے آخری سال کے طالب علموں کی جانب سے گزشتہ ہفتے ’بولی وڈ ڈے‘ منایا گیا، جس دوران طلبہ و طالبات نے مختلف انداز اپنا کر ویڈیو ریکارڈ کروائیں جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے مختلف انداز اپنا کر جہاں بولی وڈ کے گانوں پر پرفارمنس کی گئی، وہیں بعض طلبہ نے بولی وڈ فلموں کے مشہور ڈائلاگز پر بھی ویڈیوز بنائیں۔

طلبہ کی جانب سے ’بولی وڈ ڈے‘ منانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور صارفین نے ان کی ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے جہاں طلبہ کو سراہا، وہیں بعض افراد نے ان سمیت یونیورسٹی انتظامیہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں یاد دلایا کہ بولی وڈ فلموں میں پاکستان اور مسلمانوں کو دہشت گرد دکھایا جاتا ہے اور پاکستانی طلبہ بھارتی گانوں پر پرفارمنس کرنے پر فخر کر رہے ہیں۔

بعض لوگوں نے طلبہ کا دفاع بھی کیا اور لکھا کہ جب پورے پاکستان میں شادی کی تقریبات میں بھارتی گانے بجائے جا سکتے ہیں تو یونیورسٹی کے طلبہ بولی وڈ ڈے کیوں نہیں منا سکتے؟

دیوان گوندل نامی صارف نے طلبہ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جب ہمارے تعلیمی ادارے ہی بولی وڈ ڈے منائیں گے تو باقیوں کے لیے کیا کہا جائے؟

ایک صارف نے طلبہ پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ لمس یونیورسٹی میں بولی وڈ ڈے منا رہے ہیں جبکہ وہی بولی وڈ سوائے پاکستان کو ایک دہشت گرد ملک اور پاکستانیوں کو دہشت گرد دکھانے کے شاید ہی کچھ اور بیچ رہا ہو۔

انہوں نے لکھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کیا اتنی کند ذہن ہے کہ ان کے پاس پاکستان کو لے کر ڈے منانے کا کوئی آئیڈیا نہیں تھا؟

لیکن جہاں لوگوں نے طلبہ کو آڑے ہاتھوں لیا، وہیں بعض صارفین نے یونیورسٹی طلبہ کی حمایت بھی کی اور لکھا کہ بولی وڈ ڈے منانے میں کوئی برائی نہیں، طلبہ کو اپنی زندگی کے بہترین دن اپنی مرضی سے گزارنے دیے جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024