ایران سے 85 غیر قانونی پاکستانی تارکین وطن بے دخل
ایرانی حکام نے ضلع چاغی کے قریب میرجاوہ تفتان سرحد سے مزید 85 غیر قانونی پاکستانی تارکین وطن کو ملک بدر کر دیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والوں میں 38 کا تعلق پنجاب، 34 کا تعلق بلوچستان ، 9 کا تعلق سندھ اور 4 شہریوں کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، ان شہریوں کو تفتان رہداری گیٹ پر لیویز فورس کے اہلکاروں کے حوالے کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی پوچھ گچھ میں بتایا گیا کہ تارکین وطن بہتر معاشی ذرائع کی تلاش کے لیے قانونی دستاویزات کے بغیر ترکیہ اور یورپی ممالک پہنچنا چاہتے تھے، ان پاکستانیوں کو ایران کے مختلف شہروں سے گرفتار کیا گیا۔
حراست میں لیے گئے افراد کو بعد ازاں مزید تفتیش اور قانونی چارہ جوئی کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کر دیا گیا۔