• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ایس ایل 8: ملتان سلطانز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز کے بڑے مارجن سے شکست

شائع February 19, 2023
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان کی وکٹ لینے پر ساتھی کھلاڑی عباس آفریدی کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان کی وکٹ لینے پر ساتھی کھلاڑی عباس آفریدی کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز ابرار احمد کو بولڈ کرنے کے بعد ملتان سلطانز کے احسان اللہ کا ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز ابرار احمد کو بولڈ کرنے کے بعد ملتان سلطانز کے احسان اللہ کا ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے ساتویں گروپ میچ میں ملتان سلطانز نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ 52 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ پہلے اوور میں ہی گرگئی جب شان مسعود رومان رئیس کی گیند پر 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور رائیلی روسو نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔

رائلی روسوو 30 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 38 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد ڈیوڈ ملر بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف 24 گیندوں پر 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کیرون پولارڈ 21 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح ملتان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس، کپتان شاداب خان، محمد وسیم جونیئر اور ٹام کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو ابتدا میں ہی پال اسٹرلنگ کی وکٹ کی صورت میں نقصان برداشت کرنا پڑا جو محمد الیاس کی وکٹ بنے۔

حسن نواز اور راسی وین ڈر ڈوسن کی مدد سے اسکور کو 32 تک پہنچایا لیکن ان کی ایک چھکے اور دو چوکوں سے مزین 21 رنز کی اننگز بھی الیاس کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

اس مرحلے پر ڈوسن کا ساتھ دینے گزشتہ میچ کے ہیرو کولن منرو آئے اور دونوں نے 56 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوشش کی لیکن اس اسامہ میر نے 31 رنز بنانے والے منرو کو آؤٹ کر کے اس خطرناک ہوتی شراکت کا خاتمہ کردیا۔

ابھی یونائیٹڈ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اسامہ نے اپنی ٹیم کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے اسی اوور میں یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کی بھی قیمتی وکٹ حاصل کر لی۔

اعظم خان نے 14 گیندوں پر 16 رنز کی اننگز کھیلی لیکن عباس آفریدی نے انہیں چلتا کر کے اپنی ٹیم کو پانچویں کامیابی دلائی۔

اس موقع پر یونائیٹڈ کی امیدوں کا محور جنوبی افریقہ کے وین ڈر ڈوسن تھے لیکن عباس آفریدی نے ان کی 56 رنز کی اننگز کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی امیدوں کو روشن کردیا۔

اس کے بعد یونائیٹڈ کا کوئی بھی کھلاڑی سلطانز کے فاسٹ باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم صرف 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی، یونائیٹڈ نے آخری پانچ وکٹیں صرف پانچ رنز کے اضافے سے گنوائیں۔

اس میچ میں 52 رنز سے کامیابی کی بدولت سلطانز نے دو قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ریٹ کو بھی مزید بہتر کر لیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے صرف 22 رنز کے عوض چار وکٹیں لیں جبکہ محمد الیاس، احسان اللہ اور اسامہ میر نے بھی دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

عباس آفریدی کو چار وکٹوں کی عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، رائلی روسوو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، کارلوس بریتھ ویٹ، اسامہ میر، محمد الیاس، عباس آفریدی اور احسان اللہ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، پال اسٹرلنگ، حسان نواز، کولن منرو، راسی وین ڈر ڈوسن، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، ٹام کرن، محمد وسیم جونیئر اور رومان رئیس۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024