• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

بولی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے مسلمان بھارتی سیاستدان سے شادی کرلی

شائع February 18, 2023
— فوٹو: ٹوئٹر/سوارا بھاسکر
— فوٹو: ٹوئٹر/سوارا بھاسکر

بولی وڈ کی اداکارہ سوارا بھاسکر اور بھارتی سیاسی کارکن فہد احمد شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق 34 سالہ اداکار نے کورٹ میرج کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

اداکارہ سوارا بھاسکر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی اور اپنے شوہر کی محبت کی کہانی بیان کی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک احتجاج کے دوران ملے تھے۔

انہوں نے اپنی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’ہم اکثر کسی ایسی چیز کو ڈھونڈتے ہیں جو ہمارے بےحد نزدیک ہوتی ہے ہم پیار ڈھونڈ رہے تھے لیکن ہمیں دوستی پہلے مل گئی‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اور پھر ہم نے ایک دوسرے کو پا لیا! فہد ضرار احمد کو میرے دل میں خوش آمدید۔ یہ ذرا بے قرار ہے لیکن یہ آپ کا ہے!‘

شادی کی تصاویر میں بھارتی اداکارہ سرخ رنگ کی ساڑھی میں نظر آرہی ہیں جبکہ ان کے شوہر نے سفید کرتا پاجاما کے ساتھ سرخ جیکٹ پہنی ہے۔

دونوں کی منگنی کی تقریب میں معروف اداکارہ سونم کپور نے بھی شرکت کی، سونم کپور نے سفید رنگ کا مشرقی لباس زیب تن کیا۔

بھارتی سیاسی کارکن فہد احمد کون ہیں؟

ہندوستان ٹائمز کے مطابق فہد احمد سماجی کارکن ہیں جنہوں نے ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنس سے وابستہ اسٹوڈنٹ یونین کے جنرل سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔

جولائی 2022 میں انہوں نے دو سیاست دانوں ابو عاصم اعظمی اور رئیس شیخ کی موجودگی میں سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

بولی وڈ کی اداکارہ سوارا بھاسکر کون ہیں؟

34 سالہ سوارا بھاسکر ایک اداکارا اور ایک سماجی کارکن ہیں، وہ متنازع شہریت ایکٹ اور ہندو قوم پرست وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتی رہی ہیں۔

اداکارہ ماضی میں احتجاجی مظاہروں میں حصہ لے چکی ہیں۔

فلم کی دنیا میں اداکارہ نے کئی مشہور فلموں میں کام کیا، انہوں نے سنہ 2011 کی رومانوی کامیڈی فلم ’تنو ویڈز منو‘ میں کام کیا جس کے بعد اداکارہ نے کافی پزیرائی سمیٹی۔

سوارا بھاسکر نے کرینہ کپور کے ساتھ فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ میں بھی کام کیا تھا۔

انہوں نے 2 سکرین ایوارڈز بھی اپنے نام کیے ہیں اور فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024