• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’لیڈی ڈیانا‘ کو دیا گیا بوسہ اصل میں اداکاری تھی، ہمایوں سعید

شائع February 17, 2023
’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کو گزشتہ سال 9 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا  — اسکرین شاٹ
’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کو گزشتہ سال 9 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا — اسکرین شاٹ

پاکستان کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے نیٹ فلکس کی برطانوی شاہی خاندان پر بنائی گئی متنازع ویب سیریز ’دی کراؤن‘ میں ’لیڈی ڈیانا‘ کے ساتھ رومانوی مناظر پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’لیڈی ڈیانا‘ کو دیا گیا بوسہ اصل میں اداکاری تھی۔

اداکار ہمایوں سعید متعدد سیریز، فلموں اور ڈراموں میں اپنی دل موہ لینے والی پرفارمنس کی وجہ سے مقبول ہیں۔

نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی ڈیجیٹل‘ میں معروف ٹی وی میزبان فہد مصطفیٰ کے پروگرام دی فورتھ امپائر کے ٹاک شو کے دوران ایک سوال پر انہوں نے دی کراؤن میں اپنے رومانوی مناظر کے حوالے سے بات کی۔

گزشتہ سال ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کی ساتویں قسط میں ڈاکٹر حسنات یعنی ہمایوں سعید کے لیڈی ڈیانا کے ساتھ فلمائے گئے رومانوی مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے۔

ٹاک شو کے دوران شریک میزبان قاسم شیخ نے خصوصی طور پر ہمایوں سعید سے سوال پوچھا کہ ’آپ نے دی کراؤن میں کام کیا، جو صرف ایک سین کی وجہ سے سُپر ہٹ ہوا، آپ کے خیال میں وہ سین کون سا تھا؟‘

ہمایوں سعید نے ہچکچاتے ہوئے جواب دیا کہ ’رومانوی سین؟ فلم میں ایک سین تھا جس میں ایسا لگتا ہے کہ میں بوسہ دے رہا ہوں، لیکن اصل بات یہ ہے کہ میں اداکاری کر رہا تھا‘۔

تاہم جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا۔

نیٹ فلکس کی معروف سیریز ’دی کراؤن‘ میں ہمایوں سعید نے پاکستانی نژاد ماہر امراض قلب ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کیا ہے، جن سے لیڈی ڈیانا کو عشق ہوگیا تھا۔

کہا جاتا ہے کہ پاکستانی نژاد ڈاکٹر حسنات 1995 سے 1997 تک لیڈی ڈیانا کے ساتھ رومانوی تعلقات میں رہے تھے، جس کے بعد ڈیانا نے ان سے تعلقات ختم کرلیے تھے۔

ڈاکٹر حسنات سے تعلقات ختم کرنے کے بعد لیڈی ڈیانا نے مصری نژاد فلم ساز دودی الفید سے تعلقات استوار کرلیے تھے، جن کے ساتھ وہ 1997 میں پیرس کے روڈ حادثے میں چل بسی تھیں۔

’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کو گزشتہ سال 9 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔

ہمایوں سعید حالیہ برسوں میں بہت سے کامیاب پروجیکٹس کا حصہ رہے، جن میں ڈراما سیریل میرے پاس تم ہو، فلم لندن نہیں جاؤں گا، پنجاب نہیں جاؤں گی اور جوانی پھر نہیں آنی 1 اور 2 شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024