• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

محمد عامر کا بابر اعظم سے متعلق بیان حیرت انگیز ہے، شاہین شاہ آفریدی

شائع February 17, 2023
— فوٹو: ٹوئٹر
— فوٹو: ٹوئٹر

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ محمد عامر کے بابر اعظم سے متعلق بیان پر حیرت ہوئی، بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس بلے باز ہے، اگر ہم اُن کی عزت نہیں کریں گے تو کون کرےگا؟

یاد رہے کہ ایک انٹرویو میں محمد عامر سے سوال کیا گیا کہ ’سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ پشاور اور کراچی کا میچ بابر بمقابلہ عامر ہوگا تو کیا اس میں حقیقت ہے؟‘

جواب میں محمد عامر نے کہا تھا کہ ’میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے، میرے لیے بابر بھی ویسا ہی ہے جیسے ٹیل اینڈر کھیل رہا ہو، میرا کام ہے ٹیم کو وکٹس لے کر دینا‘۔

گزشتہ روز جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ محمد عامر کے بابر اعظم سے متعلق بیان پر حیرت ہوئی، بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس بلے باز ہے، لوگ اسے کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ہمارے کپتان ہیں، اگر ہم ان کی عزت نہیں کریں گے تو کون کرےگا؟

لاہور قلندرز کے کپتان نے کہا کہ ماضی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچ میں سرفراز احمد کے ساتھ ان کی تلخی آج بھی ان کے لیے ایک افسوس ناک لمحہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سرفراز احمد سے تب بھی معافی مانگی تھی اور آج بھی وہ ان سے معافی مانگتے ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

#محمد رضوان کا ردعمل

اس کے علاوہ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے بھی محمد عامر کے بابر اعظم سے متعلق بیان پر ردعمل دیا۔

سما نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان کے لیے جو بھی کپتان ہوگا وہ ہمارا کپتان ہے، جو لوگ تنقید کرتے ہیں وہ جس طرح کا کپتان چاہتے ہیں اس کی مجھے سمجھ نہیں آرہی۔

ملتان سلطان کے کپتان نے محمد عامر کا نام لیے بغیر کہا کہ بابر انسان ہے، ان سے بھی غلطی ہوسکتی ہے، اور جو تنقید کررہا ہے اس کی بھی غلطی ہوسکتی ہے، ہمیں مل کر پاکستان کے لیے سوچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بابر بڑا کھلاڑی ہے اس کا بڑا دل ہے اور بابر کا رزلٹ سب کے سامنے ہے۔

ٹیم میں کھلاڑیوں کے درمیان دوستی پر تنقید کرنے والوں کے حوالے سے محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم میں دوستی یاریوں سے ہی ایک ٹیم بنتی ہے، اگر آپ چاہتے ہیں کہ ٹیم میں لڑائی جھگڑا ہو تو آپ کہیں گےکہ ٹیم میں گروپ بندی ہوگئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024