• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

احسان اللہ کی تباہ کن باؤلنگ، گلیڈی ایٹرز کو سلطانز کے ہاتھوں 9وکٹوں سے شکست

شائع February 15, 2023
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے افتخار احمد کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کرنے کے بعد احسان اللہ کا ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے افتخار احمد کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کرنے کے بعد احسان اللہ کا ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز کے فاسٹ باؤلر احسان اللہ کی تباہ کن باؤلنگ اور رائلی روسو کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔

اننگز کے دوسرے ہی اوور میں مارٹن گپٹل صرف سات رنز بنانے کے پویلین لوٹ گئے جبکہ عبدل بنگلزئی بھی صرف ایک رن بنانے کے بعد عباس آفریدی کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔

کپتان سرفراز احمد کا صفر پر آسان کیچ ڈراپ ہوا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور احسان اللہ کی 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کرائی گئی گیندپر بولڈ ہو گئے۔

گلیڈی ایٹرز کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب احسان اللہ نے اپنے اگلے اوور میں جیس روئے کو آؤٹ کرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر افتخار احمد کو بھی چلتا کردیا اور یوں 46 کے مجموعی اسکور پر مہمان ٹیم پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی۔

عمر اکمل اور محمد نواز نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو کچھ دیر کے لیے روک دیا اور چھٹی وکٹ کے لیے 20 رنز کی ساجھے داری بنائی لیکن اس سے قبل کہ یہ دونوں کھلاڑی ساجھے داری میں مزید رنز کا اضافہ کرتے، 14 رنز بنانے والے نواز ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

عمر اکمل بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ کر سکے اور اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر احسان اللہ کو وکٹ دے کر چلتے بنے جنہوں نے نسیم شاہ کو بولڈ کر کے اننگز میں پانچواں شکار کیا۔

اختتامی اوورز میں نسیم شاہ اور محمد حفیظ نے چند بڑے شاٹس کھیلے لیکن اس کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ایک اوور قبل ہی 110 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، حسنین نے 22 اور حفیظ نے 18 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ جیسن روئے 27رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 12 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیں جبکہ ثمین گُل اور عباس آفریدی نے بھی دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کو دوسرے ہی اوور میں شان مسعود کا نقصان اٹھانا پڑا جو ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹے۔

اس کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے رائلی روسو آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے بتدریج اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔

رائلی روسو نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور نوان تھسارا کو ایک ہی اوور میں چار چوکے لگا کر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے۔

انہوں نے اس کے بعد گلیڈی ایٹرز کے بقیہ باؤلرز کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور تیز رفتاری سے رنز کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

ہدف تک رسائی میں سلطانز کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور انہوں نے 39 گیندوں قبل ہی 111 رنز کے مجموعی تک رسائی حاصل کر کے 9 وکٹوں کی بڑی فتح اپنے نام کر لی۔

رائلی روس نے 42 گیندوں پر تین چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رضوان نے 34 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔

احسان اللہ کو ان کی عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024