• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

میرے لیے بابر اعظم بھی ویسے ہی ہے جیسے ٹیل اینڈر کھیل رہا ہو، عامر

شائع February 14, 2023
سوشل میڈیا صارفین محمد عامر اور بابر اعظم کے درمیان مسابقت کی وجہ سے میچ کو ان دو کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ قرار دے رہے ہیں — فائل فوٹو: پی ایس ایل
سوشل میڈیا صارفین محمد عامر اور بابر اعظم کے درمیان مسابقت کی وجہ سے میچ کو ان دو کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ قرار دے رہے ہیں — فائل فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کہا ہے کہ ٹی20 میں ہم کسی بیٹسمین کو ہلکا نہیں لے سکتے لیکن میرے لیے بابر اعظم بھی ویسے ہی ہے جیسے ٹیل اینڈر کھیل رہا ہو کیونکہ میرا کام ٹیم کو وکٹ لے کر دینا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ کراچی کنگز کے لیے یہ ایک اچھی علامت ہے کہ عماد وسیم کپتان ہے جو ٹی20 فارمیٹ کو بہت اچھے طریقے سے سمجھتا ہے، یہ کپتان کے لیے بہت اہم ہوتا ہے کہ وہ جس برانڈ کی کرکٹ چاہتا ہے وہ پیغام ڈریسنگ روم تک پہنچا پارہا ہے یا نہیں، عماد اس بارے میں بہتر جانتا ہے اور وہ دنیا بھر میں جہاں بھی گیا ہے اس نے کامیابی حاصل کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کراچی کنگز کی فاسٹ باؤلنگ کو تجربہ کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ میر حمزہ بہت اچھی باؤلنگ کر رہے ہیں اور پچھلے سیزن میں میری انجری کے بعد جب وہ آئے تھے تو انہوں نے بہت اچھی باؤلنگ کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اینڈریو ٹائی کا ٹی20 میں بہت تجربہ ہے، فُلر نیا آیا ہے، وہ ہیمپشائر سے کھیلتے ہیں، 140 کی رفتار سے باؤلنگ کرنے کے ساتھ ساتھ بیٹنگ بھی کرتے ہیں، پھر میں بھی باؤلنگ اٹیک کو لیڈ کرنے کی کوشش کروں گا۔

عامر نے اسپن ڈپارٹمنٹ کو بھی سب سے بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ عماد وسیم، عمران طاہر اور تبریز شمسی دنیا میں سب سے بہترین ہیں اور ان کا کوئی موازنہ نہیں کیا جاسکتا، باقی ٹیموں میں اس طرح کے اسپنرز نہیں ہیں تو میرا خیال ہے کہ ہماری باؤلنگ سائیڈ بہت اچھی ہے۔

کراچی کنگز کی بیٹنگ کے حوالے سے سوال پر فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ہمارے پاس شرجیل کے ساتھ ساتھ حیدر بھی ہے، آپ حیدر کو ہلکا نہ لیں کیونکہ میرا ماننا ہے کہ وہ کرے گا اور جیمز ونس بھی ہے، اپنے دن یہ تینوں تن تنہا میچ جتوا سکتے ہیں، جب تک آپ ٹی20 میں چھ اوور میں 50 سے 60 رنز نہیں بنائیں گے تو 170 ٹارگٹ سیٹ کر سکتے ہیں نہ ہی اس ہدف کا تعاقب کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شعیب ملک ہماری ٹیم کے ستون ہیں، 500 سے زائد میچ کھیل چکے ہیں، ان کی فٹنس کا سب کو پتا ہے، اس پی ایس ایل کو لے کر وہ بہت فوکس ہیں، جب ٹریڈ ہو رہی تھی تو میں نے کہا تھا کہ بے شک تین پلیئرز دے دو لیکن شعیب بھائی کو لے لو۔

عامر نے کہا کہ میرے لیے بابر بھی ویسے ہی ہے جیسے ٹیل اینڈر کھیل رہا ہو کیونکہ میرا کام ٹیم کو وکٹ لے کر دینا ہے، وہ بابر کھڑے ہیں یا نمبر 10 کا بیٹسمین کھڑا ہے، میرا کام یہی ہے، میں نے ویلنٹائن ڈے پر جاکر پھول تو دینے نہیں ہیں، میرا کام ہے مجھے گیند دو، مجھے آؤٹ کرنے ہیں، میری کوشش تو یہی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹی20 میں ہم کسی بیٹسمین کو ہلکا نہیں لے سکتے کیونکہ ایک دو باؤنڈری لگنے کے بعد باؤلرز پر دباؤ پڑ جاتا ہے، میری ٹی20 میں توجہ یہی ہوتی ہے کہ دباؤ بیٹنگ ٹیم پر ہی رہے، بحیثیت باؤلر میرا کام یہی ہوتا ہے کہ اگر مجھ سے آؤٹ نہیں ہو رہا تو میں رنز بھی لیک نہ کروں کیونکہ ٹی20 میں جب آپ ڈاٹ بال کرتے ہیں تو بیٹنگ ٹیم پر دباؤ پڑتا ہے تو میں بہت زیادہ نہیں سوچتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یہ نہیں دیکھتا کہ بیٹسمین کون کھڑا ہے، میں وکٹ کو دیکھتا ہوں، میں یہ دیکھتا ہوں کہ صورتحال کیا ڈیمانڈ کر رہی ہے، اگر میں دیکھتا ہوں کہ گیند سوئنگ ہو رہی ہے تو پھر مجھے پورا چانس لینا ہے۔

واضح رہے کہ آج پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی اور اس میچ کو سوشل میڈیا صارفین محمد عامر اور بابر اعظم کے درمیان مسابقت کی وجہ سے ان کے درمیان ہونے والا مقابلہ بھی قرار دے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024