• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پنجاب میں انتخابات پر مشاورت کیلئے الیکشن کمیشن نے گورنر سے وقت طلب کرلیا

شائع February 13, 2023
الیکشن کمیشن کا اجلاس سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ہوا — فائل فوٹو: اے ایف پی
الیکشن کمیشن کا اجلاس سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ہوا — فائل فوٹو: اے ایف پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کے لیے گورنر بلیغ الرحمٰن سے وقت طلب کرلیا۔

لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کے حکم پر بات چیت کے لیے الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا تھا۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ہوا جس میں اراکین الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکریٹری ای سی پی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

بیان میں بتایا گیا کہ اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے 10 فروری کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر عملدآمد پر غور کیا گیا۔

اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے عدالت کے حکم کے مطابق گورنر پنجاب سے درخواست کی ہے کہ صوبے میں عام انتخابات کی تاریخ سے متعلق مشاورت کے لیے کل مورخہ 14 فروری 2023 کو ملاقات کے لیے مناسب وقت دیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ اس سلسلے میں ضروری مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے، اور الیکشن کمیشن نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں اسپیشل سیکریٹری ا ور ڈائریکٹر جنرل (لا) کو مقرر کیا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر سے مشاورت کریں۔

گورنر پنجاب سے مشاورت کے بعد افسران الیکشن کمیشن کو بریف کریں گے جس کے بعد کمیشن آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرے گا۔

خیال رہے کہ 10 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرنے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس جواد حسن نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 روز میں انتخابات کرانے کا پابند ہے اور اسی لیے الیکشن کا شیڈول فوری طور پر جاری کیا جائے۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ’الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ صوبے کے آئینی سربراہ گورنر پنجاب سے مشاورت کے بعد پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نوٹی فکیشن کے ساتھ فوری کرے اور یقینی بنائے کہ انتخابات آئین کی روح کے مطابق 90 روز میں ہوں‘۔

چنانچہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کے حوالے سے بات چیت کے لیے اجلاس پیر کو (آج) طلب کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024