• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

کیا بِل گیٹس دوسری شادی کرنے والے ہیں؟

شائع February 12, 2023
— فائل فوٹو: سوشل میڈیا
— فائل فوٹو: سوشل میڈیا

مائیکروسافٹ کے شریک بانی بِل گیٹس کی 60 سالہ خاتون پاؤلا ہرڈ کے ساتھ تصاویر توجہ کا مرکز بن رہی ہیں، کیا بِل گیٹس اپنی زندگی میں ایک بار پھر محبت تلاش کررہے ہیں؟

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق 67 سالہ بل گیٹس ٹیکنالوجی کمپنی اوریکل کے آنجہانی سی ای او کی 60 سالہ بیوہ پاؤلا ہرڈ کے ساتھ تعلقات میں ہیں اور دونوں کی ایک ساتھ تصاویر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن رہی ہیں۔

دونوں کے اس نئے تعلق کی رپورٹس اس وقت سامنے آئی ہیں جب بل گیٹس اور ان کی سابقہ اہلیہ ملینڈا فرنچ گیٹس کی جانب سے علیحدگی کو 2 سال ہونے والے ہیں، دونوں کی علیحدگی شادی کے 27 سال سے بعد اگست 2021 میں ہوئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق بل گیٹس اور پاؤلا ہرڈ گزشتہ ایک سال کے زائد عرصے سے ایک دوسرے کے قریب ہیں، دونوں کی پہلی بار ایک ساتھ تصاویر اس وقت سامنے آئی جب وہ رواں سال جنوری میں آسٹریلین اوپن ٹینس چیمپئن شپ کا فائنل ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔

مائیکروسافٹ کے شریک بانی بِل گیٹس کی جانب سے پاؤلا ہرڈ سے تعلق کے بارے میں ابھی تک کوئی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

بل گیٹس کی زندگی میں آنے والی خاتون پاؤلا ہرڈ کون ہیں؟

60 سالہ پاؤلا ہرڈ سماجی شخصیت ہیں اور ٹینس کی شوقین ہیں، انہوں نے امریکی یونیورسٹی آف ٹیکساس سے 1984 میں بزنس ایڈمنسٹریشن میں گریجویشن کیا۔

پاؤلا ہرڈ کے شوہر اور ٹیکنالوجی کمپنی اوریکل کے سی ای او مارک رڈ 62 سال کی عمر میں کیسز سے طویل جنگ لڑنے کے بعد اکتوبر 2019 میں انتقال کرگئے تھے۔

پاؤلا ہرڈ اور مارک رِڈ کی شادی کو 30 سال ہوگئے تھے اور ان کی دو بیٹیاں بھی ہیں جبکہ بل گیٹس اور ملینڈا فرنچ گیٹس کے 3 بچے ہیں۔

پاؤلا ہرڈ نے اب تک بِل گیٹس کے بچوں سے ملاقات نہیں کی ہے۔

برطانوی میڈیا بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بل گیٹس سے پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ زندگی میں دوبارہ محبت تلاش کرنے کی امید رکھتے ہیں؟

جس پر بل گیٹس نے کہا کہ ’ہاں یقیناً میں کوئی روبوٹ نہیں ہوں‘۔

واضح رہے کہ طلاق کے بعد سے بل گیٹس اور ان کی سابقہ اہلیہ گیٹس فاؤنڈیشن میں اکٹھے کام کر رہے ہیں۔

طلاق کے بعد انہوں نے ایک انٹرویو میں اپنی سابقہ اہلیہ کے ساتھ تعلق کو ’دوستانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا ’میرے خیال میں ہمارے درمیان ایک پروڈکٹو ورکنگ تعلقات ہیں اور یہ تعلق جاری رہے گا۔

انہوں نے اپنی سابقہ اہلیہ سے متعلق کہا تھا کہ ’یقینی طور پر میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں‘۔

بل گیٹس کی سابق اہلیہ سے طلاق کی کیا وجہ تھی؟

بل گیٹس کی ملینڈا فرنچ گیٹس سے شادی 1994 میں ہوئی تھی، دونوں کی شادی 27 سال رہی اور سنہ 2021 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

بل گیٹس کی سابق اہلیہ میلنڈا گیٹس نے سب سے پہلے امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس کے میزبان گیل کنگ کے ساتھ ایک انٹرویو میں بل گیٹس سے اپنی طلاق کی وجوہات پر بات کی۔

57 سالہ خاتون نے 27 سال ساتھ رہنے کے بعد مئی 2021 میں بل گیٹس سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ طلاق کی کئی وجوہات تھیں جن میں ان کے شوہر کا دوسری عورت کے ساتھ رومانوی تعلق بھی شامل ہے۔

سال 2021 میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ بل گیٹس کا میلنڈا کے ساتھ شادی کے 6 سال بعد مائیکروسافٹ کی ایک خاتون ملازم کے ساتھ 2000 میں غیر ازدواجی تعلق تھا۔

بل گیٹس پر خواتین ملازمین کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات

اسی دوران جب بل گیٹس کی ملینڈا فرنچ گیٹس سے علیحدگی کی خبریں گردش کررہی ہیں تو نیویارک ٹائمز کی سال 2021 کی رپورٹ میں بل گیٹس کے حوالے سے حیران کن انکشاف سامنے آئے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بل گیٹس ماضی میں کمپنی کی خواتین ملازمین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے میں ملوث رہے ہیں۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ماضی میں بل گیٹس امریکی کاروباری شخص جیفری اپسٹن سے ملتے رہے تھے، جن پر امیر ترین افراد کو جسم فروشی کے لیے کم عمر لڑکیاں فراہم کرنے جیسے الزامات تھے اور انہوں نے 2019 میں امریکی جیل میں خودکشی کرلی تھی۔

بل گیٹس، جنہوں نے 1975 میں مائیکروسافٹ کی بنیاد رکھی اور ان کی دولت 129 ارب ڈالر ہے، 2000 میں سی ای او کے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے اور کہا تھا کہ وہ اپنی فلاحی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

میلنڈا صنفی مساوات کی لڑائی میں بھی بہت زیادہ متحرک ہیں، انہوں نے جون 2021 میں وعدہ کیا تھا کہ گیٹس فاؤنڈیشن پانچ سالوں میں اس مد میں 2.1 ارب ڈالر خرچ کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024