• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جدیجا پر جرمانہ عائد

شائع February 11, 2023
رویندرا جدیجا نے میچ میں 70 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ میچ میں 7 وکٹیں بھی حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
رویندرا جدیجا نے میچ میں 70 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ میچ میں 7 وکٹیں بھی حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

بھارتی کرکٹر رویندرا جدیجا کو آسٹریلیا کے خلاف ناگپور میں کھیلے پہلے ٹیسٹ میچ میں امپائرز سے اجازت لیے بغیر ’انگلی پر دردکش‘ کریم لگانے پر میچ فیس کا 25فیصد جرمانہ عائد کیے جانے کے ساتھ ساتھ ایک منفی پوائنٹ بھی دے دیا ہے۔

ناگپور میں کھیلے گئے میچ کے پہلے دن بھارتی آل راؤنڈر رویندرا جدیجا کی انگلی پر کوئی چیز لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کو بال ٹیمپرنگ کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

ناگپور میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن رویندرا جدیجا کی ایک فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں انہیں محمد سراج کے ہاتھ سے کوئی چیز لے کر اپنی ہتھیلی پر ملتے دیکھا گیا اور اس کے بعد انہوں نے گیند کرانے سے قبل اس چیز کو اپنی شہادت کی انگلی پر لگایا تھا۔

تاہم ویڈیو میں کہیں بھی ان کو وہ چیز گیند پر ملتے نہیں دیکھا گیا حالانکہ اس وقت گیند ان کے ہاتھ میں ہی تھی۔

یہ فوٹیج میچ کے 46ویں اوور کی ہے جب آسٹریلیا کی ٹیم 120 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا چکی تھی اور جدیجا آسٹریلین بلے بازوں مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ اور میٹ رینشا کی وکٹیں لے چکے تھے۔

انڈین ٹیم مینجمنٹ نے آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو بتایا تھا کہ رویندرا جدیجا نے اپنی شہادت کی انگلی پر درد دور کرنے کی کریم لگائی۔

میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے جدیجا کو کپتان روہت شرما اور ٹیم منیجر کے ہمراہ مذکورہ فوٹیج دکھائی تھی، تاہم ابھی تک بھارتی باؤلر پر کوئی بھی چارج نہیں لگایا گیا تھا۔

بعدازاں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ بھارتی آل راؤنڈر کی وضاحت سے مطمئن ہو گئے کہ کریم کو طبی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا اور گیند کی ساخت تبدیل کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا گیا۔

البتہ جدیجا کو کھیل کی روح کے منافی اقدام اٹھانے کے حوالے سے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا جس پر ان پر میچ فیس کا 25فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک منفی پوائنٹ بھی دے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو بدترین شکست دیتے ہوئے اننگز اور 132 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

رویندرا جدیجا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جہاں انہوں نے میچ میں 70 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ میچ میں 7 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024