بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ میں پریانکا کا ڈبل رول کر چکی ہوں، ژالے سرحدی
مقبول اداکارہ ژالے سرحدی نے خود کو بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی ہم شکل اور ان کی دور کی رشتے دار قرار دیے جانے کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ تک کردیا تھا کہ وہ پریانکا کی کسی فلم میں ان کا ہی ڈبل کردار ادا کر چکی ہیں۔
ژالے سرحدی کو پریانکا چوپڑا کی ہم شکل قرار دیے جانے سمیت انہیں اداکارہ کی دور کی رشتے دار تک قرار دیا جاتا رہا ہے۔
ماضی میں ژالے سرحدی اسی معاملے پر بات کر چکی ہیں، تاہم حال ہی میں انہوں سما ٹی وی کے شو میں ایک بار پھر اسی حوالے سے کھل کر بات کی۔
ژالے سرحدی نے شو کے دوران بتایا کہ ان کی نصف سے زیادہ خاندان شوبز سے تعلق رکھتا تھا، ان کے دادا نہ ضیا سرحدی برصغیر کے عظیم فلم ساز تھے، جنہوں نے دلیپ کمار جیسے اداکاروں سے بھی کام کروایا۔
اداکارہ نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ان پر شوبز کے خاندان سے تعلق رکھنے کی وجہ سے اچھی اداکاری کرنے کا پریشر رہتا ہے، البتہ اعتراف کیا کہ لوگ ان سے ان کے چچا خیام سرحدی جیسی شاہکار اداکاری کی خواہش رکھتے ہیں۔
ژالے سرحدی نے انکشاف کیا کہ پاکستانی اور بھارتی اداکارہ سلمیٰ آغا رشتے میں ان کی پھوپھو لگتی ہیں اور ان کے خاندان کے دیگر افراد بھی شوبز کا حصہ ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ شروع سے ہی گلوکارہ بننا چاہتی تھیں اور انہوں نے میوزیکل بینڈز کے ساتھ پرفارمنس بھی کر رکھی ہے جب کہ انہوں نے ٹیلی فلموں میں بھی آواز کا جادو جگا رکھا ہے مگر بعد میں اداکارہ بنیں۔
پریانکا چوپڑا کی ہم شکل قرار دیے جانے کے حوالے سے ژالے سرحدی نے انکشاف کیا کہ ایک بار بھارتی میڈیا نے خبر میں دعویٰ کیا کہ پاکستانی اداکارہ بولی وڈ اداکارہ کی فلم میں پریانکا چوپڑا کا ڈبل کردار ادا کر چکی ہیں۔ ژالے سرحدی نے واضح کیا کہ انہوں نے کسی بھی فلم میں پریانکا چوپڑا کا ڈبل کردار ادا نہیں کیا۔
یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ پریانکا چوپڑا نے واٹس یوئر راشی، سات خون معاف اور لو اسٹوری 2050 سمیت اسی طرح کی دیگر فلموں میں ایک سے زائد کردار ادا کیے اور واٹس یوئر راشی میں تو انہوں نے بیک وقت 12 کردار ادا کیے۔
پریانکا چوپڑا نے سات خون معاف میں بھی خود کو مختلف کرداروں میں ڈھالا، جس وجہ سے ان کے حوالے سے چہ مگوئیاں جاری رہتی ہیں کہ ان کے کچھ کردار ژالے سرحدی سمیت ان کی شکل سے ملتی جلتی دیگر اداکارائوں نے کیے تھے۔