• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’جو دل بعد میں ٹوٹنے تھے وہ آج ٹوٹ گئے‘، شادی سے متعلق شاداب خان کا دلچسپ تبصرہ

شائع February 11, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے قومی کرکٹر شاداب خان کا گزشتہ روز ولیمہ تھا جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

ولیمے کی تقریب میں شاداب خان نے سیاہ رنگ کے سوٹ کا انتخاب کیا، جسے معروف ڈیزائنر ہمایوں عالمگیر نے ڈیزائن کیا تھا۔

شاداب کے ولیمے کی تقریب میں ساتھی کپتان بابر اعظم ، کرکٹرز آصف علی، حسن علی، نسیم شاہ، فخر زمان سمیت دیگر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے منفرد انداز اپناتے ہوئے شاداب خان کو بوسہ دیا، فاسٹ بولر کی جانب سے بوسہ لینے پر ولیمے کی تقریب میں بیٹھے مہمان بھی قہقہے لگاتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں شاداب خان نےاپنی شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ شادی کے لیے اسی طرح پرجوش ہیں جس طرح اہم میچ کے لیے ہوتے ہیں، شادی کا نیا سفر شروع ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شادی کی بہت زیادہ خوشی ہے، میں تو آسٹریلیا جانے والا تھا لیکن شادی ہوگئی، سب کچھ بہت جلدی ہوا جس کا مجھے اندازہ بھی نہیں تھا، بالکل فلموں والا سین تھا۔

شاداب خان نےاپنی شادی کے حوالے سے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو دل بعد میں ٹوٹنے تھے وہ آج ٹوٹ گئے، ایسا تو ہوتا ہے۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ کرکٹرز نے مل کر ایک ساتھ شادی کا کوئی پلان نہیں بنایا تھا، سب کرکٹرز کی شادی ایک ساتھ ہونا ایک اتفاق ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شادیوں کا سیزن چل رہا تھا، حارث رؤف کی انجری ہوئی، اس کو وقت ملا اور شادی کرلی، مجھے بھی انجری ہوئی آسٹریلیا نہیں جا سکا اور شادی کرلی۔

آل راؤنڈر نے بتایا کہ شاہین اور شان مسعود کا شادی کا پلان پہلے سے تھا تاہم حارث اور میرا شادی کا کوئی پلان نہیں تھا۔

شاداب خان نے کہا کہ ثقلین مشتاق کو ثقی بھائی ہی بولوں گا، ان کے ساتھ ابھی تک سُسر والا کوئی سین نہیں بنایا ہے، کوچ والا ہی تعلق ہے وہ ڈانٹتے بھی رہتے ہیں۔

فاسٹ باؤلر حسن علی نے ٹوئٹر پر بھی شاداب خان کو نئے سفر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے یاد کی شادی ہے،‘ ساتھ ہی انہوں نے فلم شعلے کا گیت ’یہ دوستی ہم نہیں توڑیں گے‘ بھی درج کیا۔

حسن علی نے شاداب خان کو فوٹو سیشن کے دوران سلوٹ بھی پیش کیا۔

اسی دوران ایک اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں شاداب خان لفافہ کھول کر حیران ہورہے ہیں، سلامی کا لفافہ کھولنے پر دلہے میاں ہی نہیں بلکہ ساتھ موجود بابر اعظم اور حارث رؤف بھی حیران ہوگئے۔

نوجوان کرکٹرز کی چلبلی حرکتوں پر شائقین نے بھی دلچسپ تبصرے کیے۔

فخر زمان نے شاداب خان کو مبارک باد دیتے ہوئے شاداب خان سے کہا کہ ’فہیم اشرف کے لیے کوئی مشورہ؟‘

تقریب کے دوران گلوکار عاصم اظہر بھی شریک ہوئے اور شاداب خان کو گلے لگا کر مبارک باد دی

واضح رہے کہ آل راؤنڈر شاداب خان کا نکاح 24 جنوری کو شاداب خان کا نکاح ثقلین مشتاق کی بیٹی کے ساتھ ہوا تھا جبکہ 9 فروری کو ان کی شادی کی تقریب تھی۔

شادی کی تقریب میں شاداب خان نے خوبصورت سفید رنگ کی شیروانی اور قلا پہن رکھا تھا جسے مداحوں نے خوب سراہا تھا۔

قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑی رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے ہیں، جن میں شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور حارث رؤف شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024