• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کی خوبصورت ٹرافی کی شالیمار گارڈن میں رونمائی

شائع February 9, 2023
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا تمام فرنچائزوں کے نمائندوں کے ساتھ ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: پی ایس ایل
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا تمام فرنچائزوں کے نمائندوں کے ساتھ ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کی خوبصورت ٹرافی کی آج لاہور کے تاریخی شالیمار گارڈن میں رونمائی کردی گئی۔

24 قیراط سونے سے بنی اس ٹرافی کو ’سپو نووا ٹرافی‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے تین ستون قومی ٹیم کے مقصد اتحاد، جذبے اور طاقت کی عکاسی کرتی ہیں اور ان ستونوں پر تقریباً 10ہزار زرقون کے پتھر جڑے گئے ہیں۔

ان تین ستونوں کو ملا کر چاند کی شکل بنائی ہے جبکہ ٹرافی کے مرکزی ستون پر لاتعداد کرسٹل نصب کیے گئے ہیں اور اس کے اوپر ایک بڑا ستارہ آویزاں ہے۔

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میرے دل کے بہت قریب ہے اور میرا ہمیشہ سے اسے ہر سال بڑا، بہتر اور مضبوط تر بنانے کا عزم رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال ہم نے پاکستان کے عظیم الشان ایونٹ کا جشن انے عوام کے سامنے ایک نئی ٹرافی کے ڈیزائن ساتھ منانے کا فیصلہ کیا اور اس کی رونمائی تاریخی شالیمار گارڈن میں کی جو ہمارا قیمتی اثاثہ اور فخر کی علامت ہے۔

اس موقع پر ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر خان ترین نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا ایونٹ شروع ہونے جا رہا ہے، ہماری اب تک پی ایس ایل میں کارکردگی شاندار رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہمارے لڑکے اس سال بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ یہ کووڈ-19 کے بعد پہلا پی ایس ایل ایونٹ ہے اور چار سال میں پہلی بار شائقین کسی پابندی کے بغیر اسٹیڈیم کا رخ کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہو گا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو چاروں شہروں میں میچز کھیلنے کا موقع ملے گا اور ہم ملتان کے شائقین کے سامنے کرکٹ کھیلنے کے بھی منتظر ہیں جنہیں پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز دیکھنے کا موقع ملے گا۔

لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے دفاعی چیمپیئن ہونے کے ناطے ہم ایک مکمل طور پر تیار اور بھرپور وسائل ی حامل ٹین کے ہمراہ ٹورنامنٹ میں قدم رکھتے ہوئے انتہائی فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے لاہور قلندرز کے شائقین سے ٹیم کو سپورٹ کرنے اور اسٹیڈیم میں ہرے رنگ کی جرسی پہنچ کر آنے کی درخواست بھی کی۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے بھی پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے لیگ کے اس سیزن سے بہت امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ تمام ہی ٹیمیں بہترین کھلاڑیوں سے لیس ہیں اور میری نظریں مسابقت بھرپور دلچسپ مقابلوں پر مرکوز ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا کہنا تھا کہ ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ ہی پاکستان سپر لیگ کا میلہ سج گیا ہے، ہر کوئی جیتنا چاہتا ہے لیکن بعض اوقات تبدیلی کے عمل سے گزرتے ہوئے آپ کو شکست کا ذائقہ بھی چکھنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس تبدیلی کے عمل پر یقین رکھتے ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ اس سیزن میں اس کے ثمرات ہمارے سامنے آئیں گے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں ایک بھرپور قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گی۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ ہماری فرنچائز بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے انتھک محنت کررہی ہے اور مجھے کوئی شک نہیں کہ اس مرتبہ ہم اپنے شائقین کے سر فخر سے بلند کردیں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ 13 فروری کو ملتان سلطان اور دفاعی چیمپیئنز لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

34 دنوں کے درمیان ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کُل 34 میچز کھیلے جائیں گے اور کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں اپنے پانچ، پانچ میچز ہوم گراؤنڈ پر کھیلیں گی۔

پاکستان سپر لیگ 2023 کا فائنل 19 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024