• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:13pm
  • LHR: Maghrib 5:07pm Isha 6:34pm
  • ISB: Maghrib 5:07pm Isha 6:36pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:13pm
  • LHR: Maghrib 5:07pm Isha 6:34pm
  • ISB: Maghrib 5:07pm Isha 6:36pm

ملتان: الیکشن کمیشن کے دفتر پر پتھراؤ، پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر سمیت تمام کارکنان رہا

شائع February 9, 2023
پی ٹی آئی رہنما ملک عامر ڈوگر کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا— فائل فوٹو: ڈان نیوز
پی ٹی آئی رہنما ملک عامر ڈوگر کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا— فائل فوٹو: ڈان نیوز

ملتان کی مقامی عدالت نے الیکشن کمیشن کے دفتر میں جھگڑے اور پتھراؤ کے بعد گرفتار کیے گئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر سمیت تمام کارکنان کو رہا کردیا۔

ملتان کی مقامی عدالت نے الیکشن کمیشن کے دفتر میں جھگڑے کے بعد گرفتار کیے گئے تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں اور کارکنان کو مقدمے سے بری کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

ملتان کے جوڈیشل مجسٹریٹ مرضیہ علی نے محفوظ کیا ہوا فیصلہ سناتے ہوئے دونوں جماعتوں کے تمام کارکنان کو بری کردیا۔

الیکشن کمیشن کے دفتر میں جھگڑے اور مبینہ پتھراؤ کے بعد گرفتار کیے گئے رہنماؤں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر بھی شامل تھے، تاہم عدالت نے مقدمہ خارج کرتے ہوئے تمام کارکنان کو رہا کردیا۔

عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے شیخ طارق رشید، ملک انور، رانا اشتیاق احمد اور دیگر کو بھی مقدمے سے بری کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما ملک عامر ڈوگر نے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان عمران خان کا مضبوط قلعہ ہے، تمہاری نیندیں اڑ چکی ہیں اور عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ میری گرفتاری سے عمران خان کی جیل بھرو تحریک کا آغاز ہوگیا ہے، عنقریب عام انتخابات ہوں گے اور تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ کل رات پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا لیکن الیکشن جب بھی ہوں گے فتح تحریک انصاف کی ہوگی جس سے ان کی ’کانپیں ٹانگ‘ رہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات ملتان پولیس نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر پر پتھراؤ اور جھگڑے کی شکایت پر سابق رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ن) کے 25 کارکنان کو گرفتار کرلیا تھا۔

ملتان پولیس کے ترجمان فیاض احمد نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان تنازع کے بعد پولیس نے تحریک انصاف کے 15 کارکنان کو گرفتار کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ایس ایس پی گلگشت قاضی علی رضا نے تحریک انصاف کے رہنما ملک عامر ڈوگر کو ڈیرے سے گرفتار کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن کی درخواست پر کارروائی کی جارہی ہے۔

ادھر ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب ہدیٰ علی گوہر کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر کے نوٹس پر سی پی او ملتان نے کارروائی کرتے ہوئے دفتر میں جھگڑا کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024