• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بھارت: عدالت میں چیتے کا حملہ، 5 افراد زخمی

شائع February 9, 2023
چیتا کو عدالت کے احاطے میں داخل ہونے کے 4 گھنٹے بعد پکڑا گیا—فوٹو:بشکریہ ٹائمز آف انڈیا
چیتا کو عدالت کے احاطے میں داخل ہونے کے 4 گھنٹے بعد پکڑا گیا—فوٹو:بشکریہ ٹائمز آف انڈیا

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد کی عدالت میں ایک چیتے نے حملہ کرکے کم از کم 5 افراد کو زخمی کردیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کے روز اس وقت پیش آیا جب ایک چیتا بھٹک کر بھارت کے دارالحکومت کے مضافات میں واقع ایک کورٹ ہاؤس میں گھس گیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’انڈیا ٹوڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق چیتا عدالت کے احاطے میں داخل ہونے کے چار گھنٹے بعد پکڑا گیا۔

واقعے کے عینی شاہین کے مطابق چیتا شام 4 بجے کے قریب غازی آباد کورٹ کی پہلی منزل میں گھسا، عدالت کے احاطے میں چیتے کو دیکھتے ہی افراتفری اور دھکم پیل شروع ہوگئی اور خوفزدہ لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف بھاگنا شروع کردیا جب کہ اس دوران عدالت میں وکلا نے خود کو کورٹ رومز میں بند کر لیا۔

سوشل میڈیا پر واقعے کی زیر گردش فوٹیج میں کئی افراد کو چیتے کے حملے میں زخمی دکھایا گیا۔

ویڈیو فوٹیج میں ایک زخمی شخص کو عدالت سے باہر لے جاتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔

حفاظتی آہنی لباس پہنے پولیس اہلکار چیتے کو پکڑنے کے لیے جلتی لاٹھیاں لہرا رہے تھے اور عدالت کے اندر جال بچھا رہے تھے کہ چیتے نے گھبرا کر کورٹ کمپلیکس کے ارد گرد چھلانگ لگا دی اور 5 سے 6 افراد زخمی ہوگئے۔

اس دوران مقامی پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے اپنا نام بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ چیتے کو پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔

بعد ازاں بھارتی نشریاتی ادارے ’اے این آئی‘ نے رپورٹ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے اترپردیش کے غازی آباد ڈسٹرکٹ کورٹ کے احاطے میں داخل ہونے والے چیتے کو ریسکیو کرلیا۔

غازی آباد شہر کے قریب گہرے جنگلات چیتوں سمیت دیگر جنگی حیات کا مسکن ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024