• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

نازیبا ویڈیوز کیس: عامر لیاقت کی بیوہ دانیہ شاہ کی گرفتاری کےخلاف درخواست مسترد

شائع February 9, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

سندھ ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پر نازیبا ویڈیو لیک کرنے سے متعلق کیس میں مرحوم رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی بیوہ سیدہ دانیہ شاہ کی گرفتاری کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں دانیہ شاہ کی گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دانیہ شاہ کو پنجاب کے علاقے لودھراں سے غیر قانونی طریقے سے گرفتار کیا گیا ہے، دانیہ شاہ کی گرفتاری کے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گیے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا کیس کا چالان جمع ہوچکا ہے؟ جس کے جواب میں وکیل درخواست گزار نے کہا کہ جی، کیس کا عبوری چالان جمع ہوچکا ہے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا مگر کوئی کارروائی نہیں کی، ٹرائل کورٹ کو ہدایت جاری کی جائیں کے ایف آئی اے کے خلاف کارروائی کرے۔

اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ کے خلاف کیس کا چالان جمع ہو چکا ہے، مداخلت کا کیس نہیں بنتا۔

بعدازاں عدالت نے دانیہ شاہ کی گرفتاری کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

واضح رہے کہ دانیہ شاہ عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں، 15 دسمبر 2022 کو ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی جانب سے پنجاب کے علاقے لودھراں میں کارروائی کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین کی تیسری بیوہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے سیدہ دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کی تھی جب کہ ملزمہ نے صحت جرم سے انکار کیا تھا، انہیں ایف آئی اے نے مبینہ طور پر مرحوم عامر لیاقت حسین کی تذلیل کی نیت سے نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کرنے کے الزام میں پنجاب سے گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے مرحوم رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی بیوہ سیدہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے ملزمہ کو ضمانت دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ملزمہ کو ضمانت دی گئی تو خدشہ ہے کہ وہ ملک سے فرار ہوجائیں گی۔

یاد رہے کہ فروری 2022 میں عامر لیاقت نے پنجاب کی رہائشی 18 سالہ دانیہ ملک سے تیسری شادی کرلی تھی، جنہوں نے محض 3 ماہ بعد مئی میں تنسیخ نکاح کے لیے پنجاب کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی مگر ان کی خلع ہونے سے قبل ہی مبینہ طور پر دانیہ شاہ کی جانب سے عامر لیاقت کی مبینہ آڈیو اور نازیبا ویڈیوز لیک کی گئی تھیں، جس کے کچھ عرصے بعد 9 جون کو عامر لیاقت انتقال کر گئے تھے۔

بعد ازاں عامر لیاقت حسین کے بچوں اور پہلی بیوی بشریٰ اقبال نے دانیہ ملک کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے میں شکایت درج کرائی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024