• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مردان کے قریب پاک فضائیہ کے طیارے کو حادثہ، پائلٹ محفوظ

شائع February 8, 2023
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا — فائل فوٹو: اے پی پی
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا — فائل فوٹو: اے پی پی

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پاک فضائیہ کا تربیتی مشاق طیارہ حادثہ کا شکار ہوگیا تاہم طیارے میں موجود دونوں پائلٹ محفوظ رہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ طیارے نے مردان کے قریب کھیتوں میں ہنگامی لینڈنگ کی، حادثے کا شکار طیارہ پاک فضائیہ کا سپر مشاق تربیتی جہاز تھا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ایئر فورس کے تربیتی طیارے گرنے کے چند واقعات ماضی قریب میں پیش آئے ہیں جن میں ہوا بازوں نے جامِ شہادت بھی نوش کیا۔

مارچ 2022 میں بھی پشاور کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا اور طیارے میں موجود دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران پشاور کے قریب گر کر تباہ ہوگیا اور دونوں پائلٹ شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے، تاہم زمین پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

ستمبر 2020 میں اٹک کے علاقے پنڈی گھیپ میں پاک فضائیہ کا ایک طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم پائلٹ بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا تھا۔

اس سے قبل 11 مارچ 2020 کو اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہوگئے تھے۔

اس ضمن میں ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا تھا کہ پی اے ایف کا ایف-16 طیارہ 23 مارچ پریڈ کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہوا۔

12 فروری 2020 کو خیبرپختونخوا کے شہر مردان میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں پائلٹ باحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا تھا۔

اس حادثے سے چند روز قبل ہی 7 فروری کو صوبہ پنجاب کے شہر شورکوٹ کے قریب معمول کی پرواز کے دوران پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا، تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی و مالی نقصان ہونے کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

قبل ازیں 7 جنوری 2020 کو میانوالی کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کا طیارہ میراج معمول کی تربیتی پرواز کے دوران شور کوٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024