• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کوہستان: گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس حادثے کا شکار، 21 افراد جاں بحق

شائع February 7, 2023
جاں بحق افراد میں دو خواتین بھی شامل ہیں ایک بچی کی تلاش کا عمل جاری ہے—فوٹو: ڈان نیوز
جاں بحق افراد میں دو خواتین بھی شامل ہیں ایک بچی کی تلاش کا عمل جاری ہے—فوٹو: ڈان نیوز

خیبرپختونخوا کے علاقے شتیال میں مسافر بس مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے، مسافر بس گلگت بلتستان سے راولپندی جا رہی تھی۔

گلگت بلتستان کے ضلع دیا مر کے ایس ایس پی شیر خان کے مطابق کوہستان کے علاقے شتیال میں کار اور مسافر بس آپس میں ٹکرائی اور کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 21 مسافر جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے ہیں۔

ایس ایس پی شیر خان نے کہا کہ شاہراہ قراقرم پر شتیال کے مقام پر حادثے کا شکار ہنے والی مسافر بس گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے راولپنڈی جا رہی تھی اور مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسافر بس اور کار ٹکرنے کے بعد کھائی میں جاری گری اور جاں بحق ہونے والوں میں 16 افراد بس میں سوار تھے اور 5 افراد کار میں موجود تھے جبکہ دیگر 12 مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔

ایس ایس پی شیر خان کے مطابق حادثہ کوہستان کی حدود میں ہوا ہے تاہم دریا کے دوسری طرف گلگت بلتستان کا علاقہ ہونے کی وجہ سے گلگت بلتستان پولیس ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں گاڑیوں میں کل کتنے افراد سوار تھے اس بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو کی ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں اور لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

ایس ایس پی نے کہا کہ جاں بحق افراد میں دو خواتین بھی شامل ہیں جبکہ ایک بچی کی تلاش جاری ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں ممکنہ طبی امداد فراہم کی جائے۔

گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ خالد خورشید، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور قائد حزب اختلاف امجد ایڈووکیٹ نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کیا اور حادثے میں قیمتی جانی ضیاع کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 2 فروری کوہاٹ-جاپان فرینڈشپ ٹنل کے قریب انڈس ہائی وے پر خوفناک ٹریفک حادثے میں 17 مسافر جاں بحق اور دیگر 2 زخمی ہو گئے تھے۔

مسافر کوچ لکی مروت سے پشاور جا رہی تھی کہ مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر کے ساتھ تصادم ہوا تھا۔

عالمی ادارہ صحت نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ 2018 میں پاکستان میں روڈ حادثات کے نتیجے میں 27 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024