ترکیہ، شام زلزلہ: متاثرین کی مدد کے لیے 6 فلاحی ادارے جن کو آپ عطیات دے سکتے ہیں
ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے کے متاثرین کی امدادی کے لیے متعدد فلاحی ادارے کام کر رہے ہیں جن میں سے چند ایسے ہیں جن کو آپ آسانی سے اپنے عطیات متاثرین کی مدد کے لیے دے سکتے ہیں۔
ترکیہ اور شام میں آنے والے اس صدی کے شدید ترین زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جہاں ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے متاثرین کو نکالنے میں تاحال مصروف ہیں۔
دونوں ممالک میں 7.8 کی شدت سے آنے والے زلزلے کی وجہ سے ہزاروں عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں جس میں ہسپتال اور اپارٹمنٹس بھی شامل ہیں جبکہ ہزاروں لوگ زخمی اور بے گھر ہوچکے ہیں۔
ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ترکیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 381 ہوگئی ہے، جبکہ شامی حکومت اور ریسکیو اہلکاروں کے مطابق شام میں شدید زلزلے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1500 تک پہنچ گئی ہے۔
دونوں ممالک میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے پیش نظر دنیا بھر سے متعدد عالمی تنظیمیں اور امدادی گروپ مدد کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں جن میں سے چند ایسے ادارے بھی ہیں جن کے ذریعے پاکستانی شہری بھی ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں کی امداد کے لیے انہیں عطیات دے سکتے ہیں۔
ہم نے ان عالمی امدادی تنظیموں کی ایک فہرست تیار کی ہے جن کو آپ ویزا کریڈٹ کارڈ سے با آسانی عطیات دے سکتے ہیں کیونکہ پاکستان سے بینک کے ذریعے باہر رقم بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثر ہونے والے لوگوں کی امداد کرنے کے لیے عطیات جمع کرنا شروع کردیے ہیں۔
آپ یہاں جاکر عطیات دے سکتے ہیں۔
انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی
انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی نامی امدادی گروپ 40 سے زائد ممالک میں مصیبت کا شکار افراد کی مدد کرنے میں مصروف ہے اور اب وہ ترکیہ اور شام کے لوگوں کی امداد کرنے کے لیے عالمی سطح پر عطیات جمع کر رہا ہے لہٰذا آپ بھی اس کو اپنے عطیات فراہم کر سکتے ہیں۔
آپ یہاں جاکر اپنے عطیات دے سکتے ہیں۔
سیو دی چلڈرن
سیو دی چلڈرن برطانوی امدادی گروپ ہے جو عمومی طور پر دنیا میں آفات اور مشکلات کے شکار بچوں کی صحت، تعلیم جیسے اہم ضروریات پر توجہ مرکوز رکھتا ہے۔
سیو دی چلڈرن نے حالیہ سیلاب میں پاکستان میں بھی سیلاب سے متاثرہ بچوں کو امدادی سہولیات فراہم کیں، اب وہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثر ہونے والے بچوں کی امداد کے لیے جا رہا ہے۔
آپ یہاں جاکر اس کو اپنے عطیات دے سکتے ہیں۔
پینی اپیل
پینی اپیل ایک مسلم امدادی گروپ ہے جو کہ برطانیہ، ایشیا، افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں قائم ہے، یہ امدادی گروپ بھی ترکیہ اور شام کے متاثرین کی امداد کے لیے پہنچ رہا ہے جو کہ زیادہ تر ہنگامی ادویات اور ضروری اشیا فراہم کرنے پر توجہ دیتا ہے۔
آپ یہاں جاکر عطیات دے سکتے ہیں۔
یونیسیف
اقوام متحدہ کے چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) نے بھی ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثرہ بچوں کی امداد کے لیے وہاں جانے کا اعلان کیا ہے۔
آپ یہاں جاکر ان کو عطیات دے سکتے ہیں۔
بیت السلام ویلفیئر ٹرسٹ
بیت السلام موبائل ہسپتال ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ ہوگئی ہے۔
امدادی گروپ کے مطابق وینٹیلیٹر ، آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر کی سہولت سے آراستہ موبائل ہسپتال دونوں ممالک کی طرف روانہ ہو چکی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ہیلتھ یونٹ کو ترکیہ سے پاکستان آنا تھا لیکن فی الحال بیت السلام انتظامیہ نے اسے ہنگامی آپریشن میں شریک کرلیا ہے۔
آپ یہاں جاکر اپنے عطیات دے سکتے ہیں۔