• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان کیلئے بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کا بائیکاٹ ممکن نہیں، ایشون

شائع February 7, 2023
بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون اپنے یوٹیوب چینل پر مختلف موضوعات پر گفتگو کی — فائل فوٹو: اے ایف پی
بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون اپنے یوٹیوب چینل پر مختلف موضوعات پر گفتگو کی — فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے مایہ ناز اسپنر روی چندرن ایشون نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بھارت میں ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے بائیکاٹ کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔

ایشون نے اپنے یوٹیوب چینل پر رانجی ٹرافی، ہنوما ویہاڑی کی عمدہ کارکردگی، پانچ روزہ ڈومیسٹک میچوں کی اہمیت اور بارڈر گاوسکر ٹرافی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے انعقاد کے حوالے سے جاری تنازع پر بھی گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ پاکستان میں شیڈول ہے لیکن بھارت نے اعلان کیا ہے کہ اگر یہ پاکستان میں منعقد ہوگا تو ہم شرکت نہیں کریں گے اور اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہم شرکت کریں تو پھر ایونٹ کا مقام تبدیل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بھی کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہوا دیکھ چکے ہیں، جب ہم کہتے ہیں ہم ان کے ملک جاکر نہیں کھلیں گے تو اس کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ وہ بھی ہمارے ملک آکر نہیں کھیلیں گے، اس سے قبل بھی کئی ٹورنامنٹس دبئی میں منعقد ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہماری جانب سے انکار پر کہا ہے کہ وہ ہمارے ملک میں ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے نہیں آئیں گے لیکن میرا خیال ہے کہ ایسا ممکن نہیں ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 449 وکٹوں سمیت بین الاقوامی کرکٹ میں مجموعی طور پر 672 وکٹیں لینے والے بھارتی اسپنر نے کہا کہ ایشیا کپ ممکنہ طور پر سری لنکا منتقل کیا جاسکتا ہے، یہ ورلڈ کپ سے قبل 50 اوورز کا اہم ٹورنامنٹ ہے اور اگر یہ سری لنکا منتقل ہوتا ہے تو مجھے بہت خوشی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بحرین میں منعقد ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے دوران بھی بھارت، ایشیا کھیلنے کے لیے پاکستان نہ جانے کے فیصلے پر قائم رہا تھا۔

بھارتی بورڈ نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اپنی حکومت سے پاکستان جاکر کھیلنے کی کلیئرنس نہیں ملے گی۔

دوسری جانب پاکستان کا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے کہ کھیل کو سیاست سے پاک رکھنا چاہیے اور بھارت کو پاکستان میں آکر ایشیا کپ میں شرکت کرنی چاہیے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پر جمی برف پگھلنے میں بھی مدد ملے گی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے اجلاس کے دوران پی سی بی کی عبوری انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی، بھارتی بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل کے سامنے ڈٹ گئے تھے اور ایشیا کپ اور ورلڈ کپ پر پاک۔بھارت کرکٹ بورڈ کے درمیان ڈیڈلاک برقرار رہا تھا۔

نجم سیٹھی نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ اگر بھارت، ایشیا کپ کھیلنے نہیں آیا تو پاکستان بھی ورلڈ کپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گا جبکہ اس سے قبل ان کے پیش رو رمیز راجا نے بھی دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ ایشیا کپ، پاکستان سے کسی اور ملک منتقل نہیں ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024