• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اداکارہ ثنا طلاق پر بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں

شائع February 7, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ ثنا کا کہنا ہے کہ خدا کبھی دو اچھے لوگوں کو الگ نہیں کرتا اور نہ ہی خدا کو طلاق پسند ہے، تاہم شادی شدہ جوڑے اس وقت الگ ہوتے ہیں جب کسی ایک شخص میں منافقت آجاتی ہے۔

اداکارہ ثنا نے حال ہی میں نادر علی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی بار طلاق اور اس کے بعد کی زندگی پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ اب وہ بچوں کے ساتھ کس طرح زندگی گزار رہی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ جس طرح خدا کو طلاق پسند نہیں، اسی طرح انہیں بھی پسند نہیں تھی مگر انہیں ایسا قدم اٹھانا پڑا، کیوں کہ اگر وہ ایسا نہ کرتیں تو دیگر بہت ساری چیزیں ٹوٹتیں۔

ثنا کے مطابق ان کی شادی 14 سال تک خوشگوار رہی اور انہوں نے کبھی ایسا نہیں سوچا تھا کہ وہ ایسا کریں گی لیکن انہیں کچھ غلط چیزوں کی وجہ سے ایسا کرنا پڑا۔

انہوں نے ذو معنی الفاظ میں کہا کہ ان کی طلاق کی وجہ ایک شخص کی منافقت تھی، تاہم انہوں نے سابق شوہر کو واضح طور پر منافق قرار نہیں دیا اور کہا کہ لوگ انہیں ہی منافق سمجھیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر وہ شادی ختم نہ کرتیں تو اور بہت ساری چیزیں ختم ہوجاتیں یا ٹوٹ جاتیں، اس لیے انہوں نے ایسا فیصلہ کیا۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگ ان کی طلاق اور اس سے پہلی والی زندگی سے متعلق جاننا چاہتے ہیں اور انہیں یہ بھی علم ہے کہ لوگ ان کی ازدواجی زندگی کے خاتمے سے محظوظ بھی ہونا چاہتے ہیں لیکن طلاق انٹرٹینمنٹ نہیں، وہ اس پر لوگوں کو زیادہ محظوظ نہیں کروا سکتیں۔

اداکارہ ثنا نے اپنی 14 سالہ شادی کے خاتمے کا سبب منافقت بتایا، تاہم انہوں نے سابق شوہر پر مزید الزامات لگانے سے گریز کیا۔

انہوں نے بتایا کہ فی الحال دونوں بچے ان کے پاس ہیں اور بچوں کے مستقبل کے حوالے سے فی الحال کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ ثنا نے اکتوبر 2022 میں اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے شوہر سے طلاق کی تصدیق کی تھی۔

انہوں نے 2008 میں فخر جعفری سے شادی کی تھی، انہیں دو بچے بھی ہیں۔

ثنا فخر اگرچہ گزشتہ کچھ عرصے سے اسکرین سے دور ہیں لیکن وہ ٹی وی شوز اور پروگراموں میں بطور مہمان دکھائی دیتی ہیں اور ماڈلنگ میں بھی حصہ لیتی رہتی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ وہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتی ہیں اور ان کی خاصی توجہ فٹنس کے معاملات پر ہوتی ہے۔

ثنا فخر نے 1997 میں فلموں سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ 2000 کی مقبول ہیروئنز میں سے ایک ہیں، انہوں نے فلموں کے ساتھ ساتھ متعدد ڈراموں میں بھی اداکاری کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024