• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پنجاب: کمالیہ میں زچگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پراپ لوڈ ہونے کے بعد کلینک سیل

شائع February 7, 2023
اہل خانہ کی شکایت کے مطابق فوٹیج اپ لوڈ کرنے کے اقدام سے خاتون، خاندان کو ذہنی اذیت پہنچی — فائل فوٹو: فیس بک
اہل خانہ کی شکایت کے مطابق فوٹیج اپ لوڈ کرنے کے اقدام سے خاتون، خاندان کو ذہنی اذیت پہنچی — فائل فوٹو: فیس بک

محکمہ صحت پنجاب کے حکام نے ضلع کمالیہ کے نجی میٹرنٹی کلینک سے خاتون کی زچگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہونے کے بعد اسے سیل کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق منڈی موڑ کمالیہ میں واقع میٹرنٹی کلینک کو ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ڈی ایچ او) ڈاکٹر عاصم اعجاز نے اس وقت سیل کیا جب ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر کاشف باجوہ کو خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے شکایت موصول ہوئی جنہوں نے سی سیکشن کے ذریعے اس کلینک میں بچے کو جنم دیا تھا۔

شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ نجی کلینک میں خاتون کے سی سیکشن کی فوٹیج سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی جس سے خاتون اور ان کے خاندان کو ذہنی اذیت پہنچی۔

کلینک کو سربمہر کرنے کے بعد ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر انکوائری کے دوران الزام ثابت ہوا تو مرکز صحت کے مالک کے خلاف مزید کارروائی بھی کی جائے گی۔

’غیر ملکیوں کی سیکیورٹی سخت کی جائے‘

دوسری جانب فیصل آباد کی کمشنر سلوت سعید نے مختلف صنعتی یونٹس میں کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔

کمشنر نے یہ ہدایات فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے زیر انتظام ایم تھری انڈسٹریل سٹی، ویلیو ایڈیشن سٹی اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے دورے کے دوران جاری کیں جہاں انہوں نے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ریجنل پولیس افسر (آر پی او) ڈاکٹر عابد خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی کمشنر فیصل آباد کے ہمراہ موجود تھے۔

سلوت سعید نے کہا کہ مختلف فیکٹریوں میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سیکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جانی چاہیے اور اس سلسلے میں سی سی ٹی وی کیمروں سمیت تمام طے شدہ پروٹوکول پر عمل درآمد کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کنٹرول رومز کا بھی دورہ کیا اور ڈیوٹی پر موجود عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024