• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ ترکیہ کے باعث آل پارٹیز کانفرنس ملتوی

شائع February 7, 2023
کانفرنس کے ملتوی ہونے کا اعلان مریم اورنگزیب نے ایک ٹوئٹ میں کیا—فائل فوٹو: جاوید حسین
کانفرنس کے ملتوی ہونے کا اعلان مریم اورنگزیب نے ایک ٹوئٹ میں کیا—فائل فوٹو: جاوید حسین

ترکیہ اور شام میں زلزے سے ہونے والی بدترین تباہی پر اظہارِ افسوس اور یکجہتی کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ کردیں گے جس کے باعث حکومت نے کثیر الجماعتی کانفرنس مؤخر کردی۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کل صبح انقرہ روانہ ہوں گے، وہ صدر رجب طیب اردوان سے زلزلے کی تباہی، جانی نقصان پر افسوس اور تعزیت، ترکیہ کے عوام سے یکجہتی کریں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے جمعرات 9 فروری کو بلائی گئی اے پی سی مؤخر کی جارہی ہے، اتحادیوں کی مشاورت سے نئی تاریخ کا اعلان ہوگا۔

خیال رہے کہ 30 جنوری کو پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں دہشت گردی کے واقعے میں 100 سے زائد افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد دہشت گردی سمیت اہم قومی اہمیت کے مسائل و معاملات پر غور و خوض اور اتفاق رائے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی سیاسی منظر نامے پر بڑی سیاسی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا بڑا فیصلہ کیا تھا، کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت تمام قومی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مدعو کیا گیا تھا۔

ایک روز قبل ہی کانفرنس کی تاریخ 7 فروری سے تبدیل کر کے 9 فروری کی گئی تھی جسے اب مزید ملتوی کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم کا زلزلے سے ہوئی تباہی پر اظہارِ افسوس

خیال رہے کہ ترکیہ اور شام کے سرحدی خطے میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے باعث اب تک 4 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور شام کو لرزا دینے والے بدترین زلزلے کے 24 گھنٹوں بعد اموات اور تباہی کی صورتحال دماغ سن کردینے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بڑے پیمانے پر انسانی بحران کو دیکھنا دل دہلادینے والا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ انسانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بروقت اور امداد کے ذریعے کی جانی چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024