• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

رضاکاروں کی رجسٹریشن کے بعد جیل بھرو تحریک کی تاریخ دوں گا، عمران خان

شائع February 6, 2023
عمران خان نے کہا کہ جیل بھرو تحریک تمام شہروں سے شروع کریں گے—فوٹو: ڈان نیوز
عمران خان نے کہا کہ جیل بھرو تحریک تمام شہروں سے شروع کریں گے—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ملک کے تمام شہروں میں جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رضا کاروں کی رجسٹریشن کے بعد تاریخ دوں گا اور یہ بہت جلد ہوگا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے کارکنوں کو ویڈیو پیغام میں جیل بھرو تحریک کے حوالے سے کہا کہ دنیا میں ساری قومیں قانون کے مطابق چلتی ہیں اور اس کا فیصلہ آئین کرتا ہے کہ کون سی چیز جائز اور کون سی ناجائز ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے ملک کے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، عدالتوں کے احکامات نہ پولیس اور نہ ہی یہ ریاست سنتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت کے فیصلے کے باوجود حکومت نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے ہیں اور اس فیصلے کو ایک مہینہ گزر چکا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو اٹھایا جاتا ہے، سوشل میڈیا کے کئی لوگوں کو اٹھایا گیا اور صرف اس لیے انہیں اٹھا کر تشدد کیا گیا کہ انہوں نے کوئی ٹوئٹ کی تھی، ایسے بھی لوگ ہیں جن کا ذہنی توازن ابھی تک ٹھیک نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اور اس قوم کا آئین پر جو اعتماد ہے وہ اٹھتا جا رہا ہے، آئین میں واضح طور پر درج ہے کہ 90 روز میں انتخابات کرنے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک اس ملک میں سیاسی استحکام نہیں آتا معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی ہے اور 25 دن ہوگئے ہیں اور اب تک کوئی تاریخ نہیں ملی اور یہ سیدھے پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جسٹس منیر نے جب ایک دفعہ نظریہ ضرورت کے تحت فیصلہ دیا اس سے قوم کی تنزلی شروع ہوئی اور اس فیصلے کے تحت ہماری عدالتیں آئین کو ہٹا کر طاقت کے ساتھ کھڑی ہوئیں اور آج بھی وہی وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ مقررہ وقت سے آگے جاتے ہیں تو ہم نے یہ منصوبہ بنایا ہوا ہے کہ اپنے آئین، قانون اور انصاف کے لیے جیل بھرو تحریک شروع کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دو راستے ہیں کہ یا تو ہم توڑ پھوڑ کریں، جس سے ملک میں انتشار پھیلے گا، سڑکیں بند کریں، پتھراؤ کریں اور پہیہ جام ہڑتال کریں تو ملک کے حالات ایسے ہیں معیشت وہاں پہنچی ہے جہاں پہلے کبھی نہیں تھی اور یہ سب کچھ انہوں نے کیا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان میں عام لوگوں کو اس طرح مہنگائی کا سامنا نہیں کرنا پڑا جو آج کر رہے ہیں، بے روزگاری بھی برھتی جا رہی ہے اور اس کو سامنے رکھ کر یہ جیل بھرو تحریک ایک پرامن طریقے کا احتجاج ہے۔

جیل بھرو تحریک کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا اپنے کارکنوں سے کہا کہ اس وقت آپ سیاست نہیں بلکہ ملک کے لیے جہاد کر رہے ہیں اور حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کارکنوں سے انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی صدور کے پاس رجسٹریشن شروع کریں، ہم پاکستان کے ہر شہر میں جیل بھرو تحریک شروع کریں گے اور اس کے لیے پہلے رضاکار رجسٹریشن کروائیں اور اس کے بعد تاریخ دوں گا کہ کس دن جیل بھرو تحریک کا آغاز کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ چند دنوں میں ہوگا اور اسی لیے میں چاہتا ہوں کہ جلدی جلدی رضاکار سامنے آئیں اور امید ہے اس سے پاکستان میں حقیقی آزادی اور جمہوریت ملے گی اور حقیقی جمہوریت ہی پاکستان کو اس دلدل سے نکالے گی۔

یاد رہے کہ عمران خان نے دو روز قبل حکومت کے خلاف بطور احتجاج جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ موجودہ حکومت نے ہمارے اوپر تشدد کیا ہے اور ہم جیل بھرو تحریک کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم سب جیل بھرو تحریک کی تیاری کریں تاکہ جیلوں کا ان کا شوق پورا ہو، اگر یہ سمجھ رہے ہیں کہ ہمیں اس سے خوف زدہ کردیں گے اور ہم کسی طرح چپ کرکے پیچھے ہٹیں گے اور ان کو اپنے اوپر مسلط کرنے کے لیے اجازت دیں گے تو ہم ان کا شوق پورا کرلیتے ہیں۔

عمران خان نے اپنی پارٹی کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم تیاری کریں، میں کال دوں گا آپ سب جیل بھرو تحریک کی تیاری کریں، جیسے ہی میں اشارہ کروں گا تو ہمارے سارے لوگ نکلیں گے اور گرفتاریاں دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024