• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

حکومت نے آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ تبدیل کردی

شائع February 6, 2023
مریم اورنگزیب نے کہا کانفرنس 7 فروری کے بجائے اب 9 فروری بروز جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی — فائل فوٹو: رائٹرز
مریم اورنگزیب نے کہا کانفرنس 7 فروری کے بجائے اب 9 فروری بروز جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی — فائل فوٹو: رائٹرز

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اہم قومی مسائل پر 7 فروری کو طلب کی گئی آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ کو تبدیل کردیا گیا۔

وزیراعظم کی دہشت گردی کے مسئلے پر بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس 7 فروری کے بجائے اب 9 فروری بروز جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔

اس سے قبل شہباز شریف نے ملکی سیاسی منظر نامے پر بڑی سیاسی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے 3 فروری کو اہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا بڑا فیصلہ کیا تھا، کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت تمام قومی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مدعو کیا تھا۔

30 جنوری کو پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں دہشت گردی کے واقعے میں 101 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد دہشت گردی سمیت اہم قومی اہمیت کے مسائل و معاملات پر غور و خوض اور اتفاق رائے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تاریخ کی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے پر بلائی گئی اے پی سی 7 کے بجائے اب 9 فروری بروز جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں ملک کی تمام قومی و سیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے دوران دہشت گردی، درپیش چیلنجز کے مقابلے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی، کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی ہوگی۔

اے پی سی کے اعلان کے موقع پر وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’کل جماعتی کانفرنس‘ اسلام آباد میں ہوگی، تمام قومی سیاسی قائدین کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک سے رابطہ کیا اور وزیر اعظم کی طرف سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کے لیے دعوت کا پیغام پہنچایا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے آل پارٹیز کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے میڈیا پر دہشت گردی کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس اور تحریک انصاف کو شمولیت کی دعوت دی۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’اے پی سی کے حوالے سے تاحال تحریک انصاف کو کوئی دعوت نامہ نہیں ملا‘۔

فواد چوہدری نے کہا کہ باقاعدہ دعوت نامہ ملا تو اس کانفرنس میں شرکت پر مشاورت کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024