• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’6 چھکے مارنا بڑی بات، کھانا بھی حوصلہ ہے‘، وہاب، افتخار میں دلچسپ مکالمے

شائع February 6, 2023
— فوٹو: ویڈیو اسکرین شاٹ
— فوٹو: ویڈیو اسکرین شاٹ

پاکستان سپر لیگ سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان نمائشی میچ میں وہاب ریاض کی 6 گیندوں پر افتخار احمد کے شانداز 6 چھکوں کے بعد دونوں کھلاڑیوں کی دلچسپ گفتگو کی ویڈیو سامنے آگئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں وہاب ریاض ، عمر اکمل اور افتخار احمد ایک ساتھ خوش گپیوں میں مصروف ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گفتگو کے دوران وہاب ریاض افتخار احمد کے ایک ہی اوور میں 6 چھکوں کی تعریف کررہے ہیں۔

اسی دوران وہاب ریاض، افتخار احمد کی ٹی شرٹ کو پکڑتے ہوئے مذاق میں کہتے ہیں کہ ’افتخار نے جو پرپل پہنا ہوا ہے یہ پی ایس ایل میں نہیں چلے گا، انہیں پڑنے والے 2 چھکے بڑے زبردست مارے گئے‘۔

وہاب ریاض کا مزید کہنا تھا کہ ’6 چھکے مارنا بڑی بات ہے اور کھانا بھی حوصلے کی بات ہے‘۔

بعدازاں وہاب ریاض نے ٹوئٹ کرتے ہوئے افتخار احمد کی تعریف بھی کی جس میں انہوں نے کہا کہ افتخار احمد نے شاندار کھیل پیش کیا، انہوں نے حیرت انگیز طور پر شانداز شاٹس کھیلے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ٹیم کی شکست پر افسوس ضرور ہے لیکن افتخار کے لیے خوش ہوں ۔

واضح رہے کہ کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے اننگز کے آخری اوور میں وہاب ریاض کو 6 گیندوں پر 6 چھکے لگائے جس سے ٹیم نے شانداز فتح حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 184 رنز بنائے اور پشاور کو 185 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بھی بھرپور کھیل پیش کیا لیکن 181 رنز ہی بناسکی۔

خیال رہے کہ افتخار احمد کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر صرف 3 بلے بازوں نے ایک اوور میں 6 چھکے لگائے ہیں جن میں بھارت کے بلے باز یوراج سنگھ، جنوبی افریقا کے سابق کھلاڑی ہرشل گبز اور ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر کیرون پولارڈ شامل ہیں۔

پی ایس ایل 2023 کا ایونٹ 13 فروری سے شروع ہوگا اور 19 مارچ کو اختتام پذیر ہوگا، میچز کراچی، لاہور راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024