• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

ضمنی انتخاب کیلئے پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ بلاول بھٹو زرداری کریں گے

شائع February 5, 2023
آصف زرداری کے سابق ترجمان نے کہا کہ امیدواروں کی فہرست کو آج حتمی شکل دے دی جائے گی—تصویر: فیس بک
آصف زرداری کے سابق ترجمان نے کہا کہ امیدواروں کی فہرست کو آج حتمی شکل دے دی جائے گی—تصویر: فیس بک

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اتوار کے روز (آج) پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی سربراہی کریں گے اور قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی نشستوں پر آئندہ ماہ ہونے والے ضمنی انتخاب کے امیدواروں کو ٹکٹ دیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پارلیمانی بورڈ کا اجلاس پیپلز پارٹی کی جانب سے پارٹی پلیٹ فارم پر قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب کیے جانے کے ایک روز بعد منعقد ہو رہا ہے، درخواستیں 12 فروری تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

پی پی پی کے سربراہ، جو کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے، اپنے سرکاری دورے کے اختتام کے بعد ہفتے کی رات شہر پہنچے تھے اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی ان کے ہمراہ تھے۔

رابطہ کرنے پر پی پی پی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے ڈان کو بتایا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ای سی پی کی ہدایت کی روشنی میں، موزوں امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دے کر بعد میں ٹکٹ دیے جا سکتے ہیں۔

آصف زرداری کے سابق ترجمان نے کہا کہ امیدواروں کی فہرست کو آج حتمی شکل دے دی جائے گی۔

پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے امیدوار اپنی درخواستیں زرداری ہاؤس اسلام آباد میں جمع کرا سکتے ہیں جبکہ سندھ اور بلوچستان سے الیکشن لڑنے کے خواہش مند بلاول ہاؤس، کراچی میں اپنی درخواستیں دے سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر درخواست کے ساتھ 40 ہزار روپے کا بینک ڈرافٹ پی پی پی پارلیمنٹیرینز کے صدر کو بھیجا جائے گا۔

یہ پہلا موقع ہو گا جب پی پی پی کے چیئرمین ضمنی انتخابات کے لیے اس عمل کی قیادت کررہے ہیں کہ پارٹی ٹکٹ کسے دیے جائیں۔

اس سے قبل یہ کام پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے پاس تھا، جس میں ان کی پھپھو فریال تالپور اور دیگر قابل ذکر رہنما شامل ہیں۔

خیال رہے کہ جمعرات کو پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کو حتمی شکل دینے کے لیے اپنے چیئرمین کی سربراہی میں 11 رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا۔

ای سی پی نے 16 مارچ کو این اے کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کی تاریخ مقرر کرنے کے ایک ہفتے بعد 31 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024