چارسدہ، وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے جس میں سے 2 شمالی وزیرستان اور 4 چارسدہ میں ہلاک ہوئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس پیش رفت سے واقف حکام کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاعات پر آپریشن دیگر اضلاع میں بھی جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ’فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کے پاس سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا‘۔
دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ پرانگ پولیس تھانے کی حدود میں چارسدہ کے علاقے نیساٹا میں پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔
ڈی ایس پی سرکل صنوبر خان نے ایس ایچ او جوہرشیڈ کے ہمراہ میڈیا کو بتایا کہ نیساٹا پولیس تھانے کی حدود میں واقع علاقے گجر آباد میں 3 مشتبہ شرپسندوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تینوں ملزمان ہلاک ہوگئے جن کی شناخت چارسدہ کے ابوبکر عرف عمر، نوشہرہ کے حکمت اللہ اور مردان کے حبیب نثار کے نام سے ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی لاشیں چارسدہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کی گئیں جہاں شناخت کے بعد ابوبکر کی لاش اس کے لواحقین کے حوالے کردی گئی جبکہ حبیب نثار اور حکمت اللہ کے لواحقین کے نہ آنے پر ان کی لاشیں ٹی ایم اے کو دے دی گئیں۔
اس کے علاوہ بنوں کے علاقے دری پل میں پولیس نے ایک چوکی پر حملے کا جواب دیا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ گھوڑی والا پولیس تھانے کی حدود میں ایک دہشت گرد حملہ ہوا اور تقریباً 20 کے قریب دہشت گردوں نے مختلف سمتوں سے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے چوکی پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’وہاں تعینات پولیس اہلکاروں کو الرٹ کردیا گیا تھا جنہوں نے بھرپور جواب دیا اور دعویٰ کیا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 عسکریت پسند زخمی ہوئے۔
اسی طرح کے ایک اور واقعے میں ڈیرہ اسمٰعیل پولیس اور فوجی اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران 3 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے گولہ بارود برآمد کرلیا۔
ضلعی پولیس ترجمان سید یعقوب شاہ بخاری نے ڈان کو بتایا کہ مشترکہ سرچ آپریشن رامک، پرووا، شاہ حسین شیرازی، خانہ ملیکھی، مہڑا، لنڈا شریف، فتح موڑ اور موریالی کے علاقوں میں کیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کارروائیوں کے دوران 400 افراد کی تلاشی لی گئی جبکہ 3 کو گرفتار کیا گیا، اس کے ساتھ سیکیورٹی فورسز نے دو ایم4 گنز، 5 پسٹلز اور 130 کارتوس اور ایک کار بھی قبضے میں لی۔