• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

قومی اسمبلی کے مزید 31 حلقوں پر ضمنی انتخابات کیلئے شیڈول جاری

شائع February 3, 2023 اپ ڈیٹ February 4, 2023
—فائل فوٹو: اے پی پی
—فائل فوٹو: اے پی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کے استعفے سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی مزید 31 نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی کی 31 نشستوں پر پولنگ 19 مارچ کو ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار 10 سے 14 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں،18 فروری تک کاغذات کی اسکروٹنی کر لی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ2 مارچ کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے اور 19 مارچ 2023 کو قومی اسمبلی کی 31 نشستوں پر پولنگ ہو گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 ، سیکشن 102 اور آئین کے آرٹیکل 224 کی ذیلی شق 4 کے تحت ضمنی انتخابات کا شیڈول دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جن 31 نشستوں کا شیڈول جاری کیا گیا ہے ان میں این اے-2 سوات ون، این اے-3 سوات 2، این اے-5 اپر دیرون، این اے-6 اپر دیرون، این اے-7 لوئردیر 2، این اے-8 مالاکنڈ اور این اے-9 بونیر شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کی دیگر نشستوں میں این اے-16 ایبٹ آباد ٹو، این اے-19 صوابی ٹو، این اے-20 مردان ون، این اے-28 پشاور ٹو، این اے-30 پشاور فور، این اے-34 کرک، این اے-40 باجوڑ ون، این اے-42 مہمند، این اے-44 خیبرٹو شامل ہیں۔

دیگر نشستیں این اے-61 راولپنڈی 5، این اے-70 گجرات تھری، این اے-87 حافظ آباد ون، این اے-93 خوشاب ون، این اے-96 میانوالی ٹو، این اے-107 فیصل آباد 7، این اے-109فیصل آباد 9 ہیں۔

ضمنی انتخابات کے جاری شیڈول میں قومی اسمبلی کا حلقہ این اے-135 لاہور 13، این اے-150 خانیوال ون، این اے-152 خانیوال3، این اے-158 ملتان 5، این اے-164 وہاڑی تھری، این اے-165 وہاڑی 4، این اے-177 رحیم یارخان 3 اور این اے-187 لیہ ون کا حلقہ شامل ہے۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 35 اراکین کے استعفے 20 جنوری کو منظوری کیے تھے، جس کے بعد مذکورہ حلقے خالی ہوگئے تھے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 64 کی شق ایک، قومی اسمبلی رولز اینڈ ریگولیشن 2007 کے مطابق پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے۔

انہوں نے کہا تھا پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفوں کا اطلاق 11 اپریل 2022 سے ہوگا، اراکین کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد مزید کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن پاکستان کو ارسال کردیے گئے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے اسپیکر کی جانب سے منظور کیے گئے استعفوں کی بنیاد پر 35 اراکین کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی ائی کے مزید اراکین کے استعفوں سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول پہلے جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے مذکورہ 33 حلقوں پر 16 مارچ 2023 کو ضمنی انتخابات ہوں گے جس کے لیے 6 فروری سے 8 فروری تک کاغذات نامزدگی وصول کیے جائیں گے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے تمام بلدیاتی عہدیداران معطل

الیکشن کمیشن نے انتخابات کے پیش نظر پنجاب اور خیبرپختونخوا کے تمام بلدیاتی عہدیداروں کو معطل کردیا ہے۔

ای سی پی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے دونوں صوبوں کے تمام بلدیاتی عہدیداران کو معطل کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے یہ ہدایات آئین کے آرٹیکل (3)218 اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 4 اور8 کے تحت جاری کی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024