• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

بلاول بھٹو کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال: شیخ رشید کےخلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج

شائع February 3, 2023
شیخ رشید کے خلاف کراچی کے موچکو تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے — فائل فوٹو: بشکریہ شکیل قرار
شیخ رشید کے خلاف کراچی کے موچکو تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے — فائل فوٹو: بشکریہ شکیل قرار

وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔

شیخ رشید پہلے ہی سابق صدر آصف زرداری پر سنگین الزامات کے خلاف درج مقدمے میں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کی تحویل میں ہیں۔

شیخ رشید کے خلاف کراچی کے موچکو تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر کے خلاف درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید نے پولی کلینک ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جس سے عوام میں اشتعال پھیلا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید نے اپنے بیان سے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے، تصادم، خونریزی کرانے اور اشتعال پھیلانے کی سازش کی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اشتعال انگیز بیان دینے پر شیخ رشید کے خلاف کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول پر تنقید پر توہین بلاول کا مقدمہ کراچی میں شیخ رشید کے خلاف درج ہوگیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں تاکہ سیاسی مخالفین کی زبان بندی کی جاسکے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ عدلیہ ایسی انتقامی کارروائیوں کا نوٹس لے۔

واضح رہے کہ آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو 2 روز قبل رات گئے گرفتار کیا گیا تھا جب کہ گزشتہ روز انہیں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔

شیخ رشید کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) اسلام آباد کے آبپارہ تھانے میں درج کی گئی ہے، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 120-بی، 153 اے اور 505 شامل کی گئی تھیں۔

ان کے بھتیجے راشد شفیق نے دعویٰ کیا تھا کہ مبینہ طور پر 300 سے 400 پولیس اہلکاروں پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم نے ان کے چچا کو گرفتار کرنے کی کوشش میں رہائش گاہ پر دھاوا بولا۔

دوسری جانب نجی چینل ’اے آر وائی‘ کی نشر کردہ ایک ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں آبپارہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا جارہا ہے اور انہیں بغیر وارنٹ کے گرفتار کیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے اوائل میں پیپلز پارٹی کے ایک مقامی رہنما راجا عنایت نے شیخ رشید کے خلاف سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شکایت درج کرائی تھی۔

شکایت گزار کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ پولیس نے آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر مقدمہ درج کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024