• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

وزارت دفاع کی تنصیبات پر ڈرون حملے کا ذمہ دار اسرائیل ہے، ایران

شائع February 2, 2023
طیارہ شکن نظام نے ایک ڈرون کو تباہ کر دیا جبکہ دیگر دو پھٹ گئے تھے— فائل فوٹو: رائٹرز
طیارہ شکن نظام نے ایک ڈرون کو تباہ کر دیا جبکہ دیگر دو پھٹ گئے تھے— فائل فوٹو: رائٹرز

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ ایرانی وزارت دفاع کی تنصیبات پر کیے گئے ڈرون حملہ کا ذمہ دار ’بدترین دشمن‘ اسرائیل ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ اقوام متحدہ میں ایرانی ایلچی عامر سعید اراوانی نے کہا ہے کہ ایران کے وسطی صوبے اصفہان میں وزارت دفاع کی تنصیبات پر ہونے والے ڈرون حملے کا ذمہ دار اس کا بدترین دشمن ملک اسرائیل ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی خبر ایجنسی ’اسنا‘ نے ایلچی عامر سعید اراوانی کی طرف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کو لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ابتدائی تفتیش کے مطابق وزارت دفاع کے ورکشاپ کمپلیکس پر کیے گئے دہشت گردی کے حملے کا ذمہ دار صہیونی ریاست اسرائیل ہے۔

ایلچی نے تفتیش پر مزید بات نہیں کی مگر اسرائیلی حکام کی طرف سے ایرانی انفرا اسٹرکچر سے متعلق دی گئی دھمکی کا حوالہ دیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے صہیونی ریاست کے جارحانہ بیانات کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا اور اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنے اور خطے میں اپنے خطرناک پروگراموں اور تخریبی سرگرمیاں بند کرنے کا کہا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی کا دفاع کرنے کا اپنا جائز حق محفوظ رکھتا ہے اور صہیونی ریاست کے کسی بھی خطرے یا غلط کام کا جہاں بھی اور جب بھی ضروری سمجھے جوابی کارروائی کرتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایرانی حکام نے کہا تھا کہ رات گئے وسطی صوبے اصفہان میں وزارت دفاع کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے ناکام ڈرون حملہ کیا گیا۔

وزارت دفاع نے کہا تھا کہ طیارہ شکن نظام نے ایک ڈرون تباہ کر دیا جبکہ دیگر دو پھٹ گئے، تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ وسطی صوبے اصفہان میں تنصیبات پر معمولی نقصان پہنچا ہوا۔

واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان برسوں سےکشیدگی جاری ہے اور اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ مل کر اس کے جوہری پروگرام کو نشانہ بنانے والے تخریبی حملوں اور افسران کے قتل میں ملوث ہے۔

گزشتہ روز سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے قریب سمجھی جانے والی ایران کی نیوز ایجنسی نور نے عراق میں مقیم کرد گروپوں پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرد گروپ غیر ملکی سیکیورٹی سروس کے حکم پر ڈرون کے پرزے اور دھماکا خیز مواد ایران میں لایا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024