• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایم کیو ایم کے سابق رہنما بابر غوری وطن واپس پہنچ گئے

شائع February 1, 2023
گزشتہ برس بابر غوری 7 سالہ خود ساختہ جلا وطنی ختم کرکے وطن واپس آئے تھے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
گزشتہ برس بابر غوری 7 سالہ خود ساختہ جلا وطنی ختم کرکے وطن واپس آئے تھے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

سابق وفاقی وزیر بابر غوری منگل کے روز وطن واپس پہنچ گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق سینیٹر سندھ ہائی کورٹ سے 2 علیحدہ مقدمات میں حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے کچھ روز بعد اپنی اہلیہ کے ہمراہ دبئی سے بذریعہ غیر ملکی ایئرلائن کراچی ایئرپورٹ پہنچے۔

خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے دہشت گردی اور بدعنوانی کے 2 مقدمات میں سابق ایم کیو ایم رہنما کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔

سابق وزیر کی حفاظتی ضمانت 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض 6 فروری تک کے لیے منظور کی گئی تھی۔

گزشتہ برس 5 جون کو بابر غوری کو 7 سالہ خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے وطن واپس پہنچنے پر کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ان کی گرفتاری بانی ایم کیو ایم کی جانب سے 2016 میں کی گئی نفرت انگیز تقریر سے متعلق کیس میں عمل میں آئی تھی۔

بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا اور وہ اسی روز کراچی سے متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوگئے تھے۔

چند روز قبل ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بابر غوری کی واپسی سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ سے ملنے کے لیے واپس آرہے ہیں جن کی طبیعت گزشتہ کئی ہفتوں سے خراب ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ان کی پارٹی کے دروازے سابق رہنماؤں کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024