• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

چوہدری شجاعت مسلم لیگ (ق) کے صدر برقرار، الیکشن کمیشن کا محفوظ فیصلہ جاری

شائع January 31, 2023
چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی صدارت سے ہٹانے کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی — فائل فوٹو: ڈان نیوز
چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی صدارت سے ہٹانے کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی — فائل فوٹو: ڈان نیوز

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ (ق) کی صدارت سے ہٹانے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں عہدے پر برقرار رکھا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کی کارروائی کالعدم قرار دیتے ہوئے فیصلے میں گیا ہے کہ چوہدری شجاعت کی پارٹی صدارت سے برطرفی پارٹی آئین کے متصادم ہے۔

فیصلے میں مسلم لیگ (ق) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا جاری کردہ پارٹی الیکشن شیڈول بھی کالعدم قراردے دیاگیا جب کہ کمیشن نے کہا کہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ (ق) کی صدارت سے ہٹانے اور انٹرا پارٹی انتخابات کروانے سے متعلق درخواست پر فیصلہ گزشتہ سال اگست میں محفوظ کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے حکم امتناع پر چوہدری شجاعت حسین کو بحال کیا تھا۔

پارٹی کی صدارت سے ہٹانے اور انٹرا پارٹی انتخابات کروانے سے متعلق چوہدری شجاعت حسین کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی تھی۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ق) کے انٹرا پارٹی انتخابات 10 اگست کو شیڈول تھے جسے چوہدری شجاعت حسین نے بطور پارٹی سربراہ چیلنج کیا تھا۔

اس سے چند روز قبل مسلم لیگ (ق) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا تھا کہ پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کو پارٹی کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی تھی جب چوہدری شجاعت حسین نے چند روز قبل بطور پارٹی سربراہ، پنجاب میں مسلم لیگ (ق) کے اراکین اسمبلی کو وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں اپنے کزن چوہدری پرویز الہٰی کو ووٹ نہ دینے کے لیے خط لکھا تھا۔

سینیٹر کامل علی آغا کی زیر صدارت مسلم لیگ (ق) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 10 روز کے اندر پارٹی عہدوں کے لیے نئے انتخابات کرائے جائیں گے اور 5 رکنی الیکشن کمیشن بھی تشکیل دے دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے مسلم لیگ ہاؤس، ڈیوس روڈ میں (ق) لیگ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی کی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا اور چوہدری شجاعت کی جگہ ان کے بھائی چوہدری وجاہت حسین کو پارٹی کا صدر مقرر کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ طارق بشیر چیمہ کو ہٹا کر کامل علی آغا کو پارٹی کا مرکزی سیکریٹری جنرل بنایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024