• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کامران اکمل جونیئرسلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقرر

شائع January 30, 2023
کامران اکمل— فائل/ فوٹو: اے ایف پی
کامران اکمل— فائل/ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ریجنل اور ڈسٹرکٹ ٹیموں کے انتخاب کے لیے 8 رکنی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا اور سابق ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل کو اس کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 8 رکنی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا گیا ہے جو ریجنل اور ڈسٹرکٹ ٹیموں کے انتخاب کے لیے انڈر-13، انڈر 16 اور انڈر-19 کے ٹرائلز کا انعقاد کرے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر کامران اکمل کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے اور دیگر اراکین میں سہیل تنویر، عامر نذیر، تیمور خان، جنید خان، فیصل اطہر، قیصر عباس اور ثنااللہ بلوچ شامل ہیں۔

پی سی بی نے بتایا ہے کہ ریجن یا ڈسٹرکٹ کی ٹیموں کے ہیڈکوچ کے ساتھ ہر سلیکٹر شیڈول کے مطابق ٹرائل کا انعقاد کرے گا، جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کامران اکمل نے پاکستان کے لیے 268 بین الاقوامی میچز کھیلے، کمیٹی کے رکن سہیل تنویر نے 121 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

جونیئر سلیکشن کمیٹی کے رکن عامر نذیر نے 1993 سے 1995 کے دوران پاکستان کی جانب سے 6 ٹیسٹ اور 9 ایک روزہ میچز کھلیے۔

فاسٹ باؤلر جنیدخان نے پاکستان کے لیے 107 بین الاقوامی میچ کھیلے، فیصل اطہر نے 2003 میں صرف ایک ون ڈے میچ کھیلا اور قیصر عباس نے 2000 میں انگلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کھیلا۔

جونیئرسلیکشن کمیٹی میں شامل ثنااللہ بلوچ اور تیمور خان کو بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ حاصل نہیں تاہم وہ پاکستان کے فرسٹ کلاس کرکٹ کا حصہ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے ہارون رشید کو قومی کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ ہارون رشید کو چیف سلیکٹر مقرر کر دیا گیا ہے اور ان کے ساتھ میں نے کئی برس کام بھی کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اعلان اس لیے کیا کیونکہ بہت افواہیں چل رہی تھیں اور ہر امیدوار کی پروموشنز ہو رہی تھی حالانکہ ہمارے پاس وقت تھا لیکن بڑا دباؤ تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ابھی صرف چیف سلیکٹر کا تقرر ہوا ہے لیکن اب آرام سے مشاورت کے بعد دیگر اراکین کو شامل کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024