• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

پیپلزپارٹی کا عمران خان پر عسکریت پسندوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا الزام

شائع January 30, 2023
فیصل کریم کنڈی نے کہا عمران خان کے بیان نے پیپلز پارٹی کے تمام رہنماؤں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں— فائل فوٹو: آئی این پی
فیصل کریم کنڈی نے کہا عمران خان کے بیان نے پیپلز پارٹی کے تمام رہنماؤں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں— فائل فوٹو: آئی این پی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عسکریت پسندوں کی حمایت حاصل کر رہے ہیں اور انہیں اپنے شوکت خانم میموریل ہسپتال میں طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں سندھ کی حکمران جماعت نے پی ٹی آئی چیئرمین کے اس بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کیا جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ آصف علی زرداری نے دیگر کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر انہیں قتل کرنے کے لیے ’پلان سی‘ بنایا۔

ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے جاری بیان میں کہا کہ عمران خان کے بیان نے پیپلز پارٹی کے تمام رہنماؤں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں، عمران خان آصف زرداری پر الزامات لگا کر خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔

پی پی پی رہنما نے مزید کہا کہ ’عمران خان نے ایک سازش کے تحت پیپلز پارٹی کی قیادت کی زندگی کو خطرے میں ڈالا، فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کے بیانات ریکارڈ پر ہیں جن میں انہوں نے مبینہ طور پر دہشت گردوں کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردوں کی مذمت کی جب کہ عمران خان نے اپنے ہسپتال میں ان کے علاج معالجے کا بندوبست کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری نے مجھے قتل کرانے کے لیے ایک دہشت گرد تنظیم پر پیسہ لگایا ہوا ہے جس میں طاقت ور ایجنسی کے لوگ سہولت کار شامل ہیں۔

انہوں نے زمان پارک میں ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب پہلی بار ہماری حکومت ہٹائی گئی تو معلوم ہوا کہ مجھے قتل کرنے کی سازش کی گئی ہے جس کے بعد میں نے ان 4 لوگوں کے نام بتا کر ویڈیو بنا دی اور کہا کہ اگر قتل کیا گیا تو اس میں وہ 4 لوگ ملوث ہوں گے مگر وہ اپنے منصوبے سے پیچھے ہٹ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے دشمنوں نے پی پی پی رہنما کے ساتھ مل کر مجھے ختم کرنے کے لیے ’پلان سی‘ تیار کر لیا ہے۔

مسٹر خان کے الزامات کے رد عمل میں پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری پر سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ’قتل کے منصوبے‘ کے الزام کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو قانونی نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

عمران خان کے الزامات کا جواب دینے کے لیے منعقدہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤ فرحت اللہ بابر، نیئر بخاری اور قمر زمان کائرہ نے عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی سربراہ ’دماغی توازن کھو چکے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی ان الزامات پر قانونی چارہ جوئی کرے گی، اس نے مطالبہ کیا تھا کہ عمران خان اپنے الزامات واپس لیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024