• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

بھارت: پولیس اہلکار کی فائرنگ سے اڑیسہ کے وزیر صحت ہلاک

شائع January 29, 2023
پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے وزیر صحت نبا داس کو انتہائی قریب سے دو گولیاں ماریں— فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے وزیر صحت نبا داس کو انتہائی قریب سے دو گولیاں ماریں— فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

بھارتی ریاست اڑیسہ میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے زخمی وزیر صحت نبا داس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

بھارتی خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جھارسگودا کے علاقے براجا راج نگر میں شہر کے مصروف گاندھی چوک پر وزیر صحت اور بیجو جنتا دل کے رہنما نبا داس کو پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے دوپہر ایک بجے انتہائی قریب سے دو گولیاں مار دیں۔

دو میں سے ایک گولی ان کے سینے میں لگی جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

جب ان کو نشانہ بنایا گیا تو وہ ایک پروگرام میں شرکت کے لیے جا رہے تھے اور عینی شاہدین کے مطابق انہیں طیارے کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر بھوبھنیشور منتقل کیا گیا۔

براج راج نگر کے سب ڈویژنل پولیس افسر گپتیسور بھوئی نے رپورٹرز کو بتایا کہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر گوپال داس نے وزیر پر فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہو گئے اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی افراد نے فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے اور وہ اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔

وزیر صحت کو زخمی ہونے پر اپولو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ آپریشن کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔

اپولو ہسپتال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران پتا چلا کہ ایک گولی جسم کے اندر ہی پھنس گئی ہے جس سے دل اور بائیں پھیپھڑا زخمی ہو گیا اور اس کے نتیجے میں بہت زیادہ خون بہہ گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر صحت کو فوری آئی سی یو لے جا کر طبی امداد فراہم کی گئی لیکن انتہائی کوشش کے باوجود وہ بچ نہ سکے۔

60سالہ نباداس وزیر اعلیٰ کے بعد ریاست کے امیر ترین وزیر تصور کیے جاتے تھے اور پولیس ان کے قاتل سے قتل کی وجہ جاننے کی کوشش کررہی ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ وزیر صحت جیسے ہی گاڑی سے باہر نکلے تو اہلکار نے ان پر فائرنگ کردی جبکہ حملے کے پس پردہ مقاصد ابھی تک غیرواضح ہیں۔

جائے حادثہ کی ویڈیو میں وزیر صحت کے سینے سے خون نکلتے دیکھا جا سکتا ہے اور گولی لگنے کے بعد وہ بے ہوش گئے تھے۔

ایک کچہری کے افتتاح کی تقریب میں نبا داس کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا اور وہ جیسے ہی پہنچے تو ان کو خوش آمدید کہنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے، اس موقع پر گولی چلنے کی آواز سنائی دی اور پولیس نے وزیر پر قریب سے گولی چلانے والے ایک شخص کو بھاگتے ہوئے دیکھا۔

ریاست اڑیسہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائیک نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس افسوسناک حادثے سے صدمے میں ہیں، میں واقعے کی مذمت اور وزیر کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔

واقعے کے بعد علاقے میں کدیشگی ہو گئی اور وزیر صحت کے حامیوں نے احتجاج کیا جس پر پولیس نے کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے بھاری نفری تعینات کردی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024