• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعظم کے پرسنل اسٹاف افسر کو نگران وزیر اعلیٰ کا سیکریٹری تعینات کر دیا گیا

شائع January 29, 2023
اقدام کا مقصد بظاہر یہ لگتا ہے کہ وہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق پنجاب انتظامیہ کو مائیکرو مینیج کریں گے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
اقدام کا مقصد بظاہر یہ لگتا ہے کہ وہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق پنجاب انتظامیہ کو مائیکرو مینیج کریں گے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون سمیر احمد سید کو نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا سیکریٹری تعینات کر دیا گیا جب کہ اقدام کا مقصد بظاہر یہ لگتا ہے کہ وہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق پنجاب انتظامیہ کو مائیکرو مینیج کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گریڈ 19 کے افسر سمیر احمد سید اس وقت تک وزیر اعظم شہباز شریف کے پرسنل اسٹاف افسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جب تک کہ صوبائی حکومت پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی مسلم لیگ (ق) کے کنٹرول میں تھی۔

جیسے ہی پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے بعد نگراں حکومت قائم ہوئی اور مسلم لیگ (ن) کے نامزد کردہ محسن نقوی کو 22 جنوری کی رات نگراں وزیراعلیٰ مقرر کیا گیا تو اس کے ایک روز بعد ہی سمیر احمد سید کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کر دی گئیں۔

مسلم لیگ (ن) کے ایک اور ’پسندیدہ‘ بیوروکریٹ وزیراعلیٰ کے سابق پرنسپل سیکریٹری نبیل اعوان کو اس بار نظر انداز کر دیا گیا، وہ اس وقت گورنر پنجاب کے پرنسپل سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

جب شہباز شریف 2018 تک پنجاب کے چیف ایگزیکٹو تھے تو سمیر احمد سید نے وزیر اعلیٰ کے پرسنل اسٹاف افسر کے طور بھی خدمات انجام دیں، وہ ڈپٹی کمشنر لاہور بھی تعینات رہے، بعد ازاں مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران ان کا تبادلہ گلگت بلتستان کردیا گیا۔

واضح رہے کہ پنجاب میں تمام تبادلے اور تقرریاں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اجازت کے ساتھ کی جا رہی ہیں جب کہ ای سی پی نے صوبے کے اندر اور اندرون ملک سرکاری افسران کے تبادلوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ نے تمام انتظامی سربراہان کو بھی اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے آزادانہ طور پر رابطہ کرنے سے روک دیا ہے اور ہنگامی صورتحال میں الیکشن کمیشن کی منظوری حاصل کرنے کے لیے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے درخواستیں ارسال کی جائیں۔

دوسری جانب گریڈ 21 کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ہوم) ریٹائرڈ کیپٹن اسد اللہ جو چھٹی پر تھے، کا تبادلہ کر دیا گیا اور انہیں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی، ان کی جگہ او ایس ڈی شکیل احمد میاں کو تعینات کردیا گیا۔

سیکریٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب صلوت سعید کو تبدیل کر کے کمشنر فیصل آباد تعینات کر دیا گیا، انہیں ڈی جی پی آر پنجاب کے عہدے کے اضافی چارج سے بھی ہٹا دیا گیا۔

پنجاب لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ (ایل جی اینڈ سی ڈی) کے سیکریٹری سید مبشر حسین کو تبدیل کر کے مزید احکامات تک سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ایل جی اینڈ سی ڈی کے اسپیشل سیکریٹری پرویز اقبال کو محکمے کے سیکریٹری کے عہدے کا اضافی چارج سونپ دیا گیا۔

چیف ایگزیکٹو افسر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پنجاب (آئی ڈی اے پی) کوثر خان کو تبدیل کر کے تا حکم ثانی سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

کوثر خان کی جگہ دانش افضل کو ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر تعینات کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر پاکپتن سید آصف حسین شاہ کو تبدیل کر کے مزید احکامات تک ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی، یڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد قیوم قدرت کو آئندہ احکامات تک ڈی سی پاکپتن کا اضافی چارج سونپ دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024