• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عروج آفتاب گریمی تقریب میں پرفارمنس کرنے والی پہلی پاکستانی بنیں گی

شائع January 28, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

میوزک کے لیے اعلیٰ ترین ایوارڈ ’گریمی‘ کے لیے مسلسل دوسرے سال بھی نامزد ہونے والی گلوکارہ عروج آفتاب پہلی پاکستانی گلوکارہ بھی بنیں گی جو ایوارڈز تقریب میں پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی۔

یہی نہیں بلکہ گریمی ایوارڈز کی تاریخ میں پہلی بار اردو گانا بھی پیش کیا جائے گا جو کہ عروج آفتاب ہی پیش کریں گی۔

عروج آفتاب 2022 میں گریمی جیتنے والی پہلی پاکستانی نژاد گلوکارہ بنی تھیں اور اس سال وہ ایک بار پھر گریمی کے لیے نامزد ہوئی ہیں۔

یوں عروج آفتاب وہ پہلی گلوکارہ بھی بن گئیں جو مسلسل دو سال تک گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئیں۔

عروج آفتاب نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ وہ گریمی ایوارڈز کی تقریب میں پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ایوارڈز تقریب سے کچھ گھنٹے قبل ہونے والی ’پریمیئر گریمی ایوارڈ تقریب‘ میں لائیو پرفارمنس کریں گی۔

انہوں نے گریمی ایوارڈز تقریب میں پرفارمنس کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تقریب کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہیں۔

عروج آفتاب نے مداحوں کو بتایا کہ وہ تقریب میں ساتھی گلوکارہ انوشکا شنکر کے ہمراہ ’ادھیڑو نا‘ پر پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عروج آفتاب جس گانے پر تقریب میں پرفارمنس کریں گی، اسی گانے کو اس سال ایوارڈ کے لیے نامزد بھی کیا گیا ہے۔

یوں جہاں پہلی بار گریمی تقریب کوئی پاکستانی گلوکارہ پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی، وہیں پہلی بار اردو زبان کا گانا بھی تقریب میں پیش ہوگا۔

عروج آفتاب نے بتایا کہ وہ 5 فروری کو گریمی تقریب میں ساتھی گلوکارہ کے ساتھ پرفارمنس کریں گی اور لوگ انہیں گریمی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر براہ راست پرفارمنس کرتے دیکھ سکیں گے۔

خیال رہے کہ گریمی ایوارڈز کی تقریب آئندہ ماہ فروری میں ہوگی اور 2023 کے گریمی ایوارڈز کے لیے ادارے نے مجموعی طور پر 91 کیٹیگریز میں نامزدگیوں کا اعلان کر رکھا ہے۔

اس سال سب سے زیادہ 9 نامزدگیاں گلوکارہ بیونسے کے حصے میں آئیں، جنہیں تمام بڑی کیٹیگریز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اس سال 9 نامزندگیوں کے بعد بیونسے کی اب تک میوزیکل ایوارڈز کی نامزدگیوں کی تعداد 88 تک جا پہنچی۔

علاوہ ازاں اڈیلے اور کینڈرک لامار کو بھی متعدد کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔

عروج آفتاب اور ان کی ساتھی گلوکارہ انوشکا شنکر کو ’بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس‘ کی کیٹیگری میں ’ادھیڑو نا‘ پر نامزد کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024