• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

بھارتی فضائیہ کے 2 لڑاکا طیارے گر کر تباہ

شائع January 28, 2023
دونوں طیاروں نے صبح سویرے گوالیار ایئر بیس سے اڑان بھری تھی—تصویر بشکریہ ہندوستان ٹائمز
دونوں طیاروں نے صبح سویرے گوالیار ایئر بیس سے اڑان بھری تھی—تصویر بشکریہ ہندوستان ٹائمز

بھارتی فضائیہ کے 2 لڑاکا طیارے مشق کے دوران گر کر تباہ ہوگئے جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارتی فضائیہ کے 2 لڑاکا طیارے نئی دہلی کے جنوب میں مشق کے دوران گر کر تباہ ہوئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دیگر 2 زخمی ہوگئے۔

بھارتی فضائیہ نے بیان میں کہا کہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ حادثہ پیش آیا اور تین میں سے ایک پائلٹ کو جاں لیوا زخم آئے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں طیاروں نے صبح سویرے گوالیار ایئر بیس سے اڑان بھری تھی۔

لڑاکا طیارہ سو-30 میں 2 پائلٹ موجود تھے جبکہ میراج طیارے میں ایک پائلٹ موجود تھا۔

پولیس افسر دھارمندر گور نے اے ایف پی کو بتایا کہ 2 لڑاکا طیاروں میں سے ایک طیارے کے پُرزے ملے ہیں اور پہادگڑھ جنگل سے ایک زخمی پائلٹ ملا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دونوں طیاروں کے فضا میں تصادم کی تصدیق کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیو راج سندھ چوہان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اور بحالی کے کام کے لیے مقامی انتظامیہ کو بھارتی فضائیہ سے تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2022 میں اروناچل پردیش میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔

اس کے علاوہ جولائی 2022 میں بھارت میں سوویت دور کا لڑاکا طیارہ مگ-21 تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

دسمبر 2021 میں بھارتی ریاست تامل ناڈو میں کُنور کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024