• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پی پی پی نے آصف زرداری پر عمران خان کے ’قتل کے منصوبے‘ کا الزام مسترد کر دیا

شائع January 27, 2023
پی پی پی نے بیان میں کہا کہ عمران خان قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
پی پی پی نے بیان میں کہا کہ عمران خان قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری پر ان کو قتل کرنے کے لیے دہشت گرد تنظیم کو پیسے دینے کا الزام مسترد کردیا۔

پی پی پی کے رہنما اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سابق وزیراعظم عمران خان کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری پر الزام تراشی کرکے عمران خان قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خود دہشت گردوں کے حامی اور طرف دار رہا ہے، عمران خان کے دماغی توازن کا معائنہ کرانا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری پر جھوٹے الزامات لگا کر حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے سے عمران خان مردہ سیاست کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

پی پی پی رہنما اور وفاقی وزیر شازیہ مری نے بیان میں کہا کہ عمران خان کو سابق صدر آصف علی زرداری سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف شیخ رشید کی الزام تراشی بلیک میلنگ کا ہتھکنڈا ہے، عمران خان آستین میں چھپے سانپوں سے ہوشیار رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے سیاست میں صبر، برداشت اور در گزرکے اصول متعارف کرائے، شیخ رشید جیسے سازشی عناصر کی سیاست بے نقاب ہو چکی ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے دور میں ملک میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا، قوم پنڈی کے شیطان کو بخوبی پہچانتی ہے اور ان کی زبان سے آگاہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان شیخ رشید کے بیان کی آڑ میں زمان پارک میں چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں تو یہ ان کی مرضی ہے۔

خیال رہے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اس سے قبل ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری نے مجھے قتل کرانے کے لیے ایک دہشت گرد تنظیم پر پیسہ لگایا ہوا ہے جس میں طاقت ور ایجنسی کے لوگ سہولت کار ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ جب پہلی بار ہماری حکومت ہٹائی گئی تو مجھے پتا چلا کہ مجھے قتل کرنے کی سازش کی گئی ہے اور میں نے ان چار لوگوں کے نام بتا کر ویڈیو بنا دی اور کہا کہ اگر قتل کیا گیا تو اس میں وہ چار لوگ ملوث ہوں گے مگر وہ اپنے منصوبے سے پیچھے ہٹ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پھر ان لوگوں نے پلان بی بنایا اور ایک مذہبی انتہاپسند کے ذریعے مجھے قتل کرانے کی کوشش کی جس کا مجھے پتا چلا تو میں نے اپنے جلسوں میں بھی اس کا ذکر کیا اور تقریباً کامیاب ہوئے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ اب پلان سی بنا ہے جس کے پیچھے آصف زرداری ہے جس نے کرپشن کا پیسہ ایک دہشت گرد تنظیم پر لگایا جس میں ایجنسی کے لوگ سہولت کار ہیں اور تین اطراف سے یہ فیصلہ ہوا ہے جنہوں نے اگلی واردات کرنی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا تھا کہ میں قوم کو اس لیے بتا رہا ہوں کیونکہ جو پہلے نام دیے تھے ان کے ساتھ آصف زرداری کا نام بھی آئے گا، مزید کہا کہ جیسے ہی میں ٹھیک ہوں گا تو الیکشن مہم کے لیے نکلوں گا مگر مجھے کچھ ہوا تو قوم کو پتا ہونا چاہیے کہ اس میں کون ملوث ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024