• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

خواتین کے لیے ’پنک بس سروس‘ شروع کرنے کا اعلان

شائع January 26, 2023 اپ ڈیٹ January 27, 2023
سندھ حکومت نے خواتین کے لیے خصوصی بس سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا—فوٹو بشکریہ شرجیل میمن ٹوئٹر
سندھ حکومت نے خواتین کے لیے خصوصی بس سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا—فوٹو بشکریہ شرجیل میمن ٹوئٹر

حکومتِ سندھ نے کراچی میں ٹرانسپورٹ سہولیات کے پیش نظر خواتین کے لیے خصوصی ’پنک بس سروس‘ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ حکومت سندھ کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جلد ہی کراچی میں خواتین کے لیے خصوصی ’پنک بس سروس‘ کا آغاز کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کا محکمہ ٹرانسپورٹ خصوصی طور پر خواتین کے لیے پاکستان کی پہلی بس سروس شروع کرنے جا رہا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ’پنک بس سروس’ کا باقاعدہ آغاز یکم فروری 2023 کو کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ حکومت سندھ کی طرف سے کراچی میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے ہیں۔

اس سے قبل 4 جون 2022 کو پیپلز بس سروس پروجیکٹ کے کُل 7 روٹس میں سے پہلے روٹ پر کمرشل آپریشن شروع کرنے کی امید کے ساتھ حکومت سندھ نے چین سے درآمد شدہ بسوں کا آزمائشی سفر کا آغاز کیا تھا جنہوں نے بغیر کسی رکاوٹ کے 29 کلومیٹر کا سفر کامیابی سے طے کیا تھا۔

بعدازاں 14جنوری 2023 کو کراچی میں پیپلز بس سروس پروگرام کے تحت پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا گیا تھا، جس کا روٹ کراچی ایئرپورٹ سے سی ویو تک ہے۔

وزیر اطلاعات اور ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور وزیر محنت سعید غنی کے ہمراہ مذکورہ بس سروس کا افتتاح کیا تھا، انہوں نے سروس میں سہولیات کا جائزہ لیا اور بس میں سفر بھی کیا تھا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا تھا کہ ’یہ پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس سروس ہے جو آج کراچی میں شروع کی جا رہی ہے، یہ ماحول دوست بسیں ہیں جو بجلی سے چلیں گی‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024