• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

تنازعات کے باوجود کسی بھی تبدیلی کے بغیر ’پٹھان‘ ریلیز

شائع January 25, 2023
فلم کو بھارت بھر میں ریلیز کردیا گیا—اسکرین شاٹ
فلم کو بھارت بھر میں ریلیز کردیا گیا—اسکرین شاٹ

انتہاپسند ہندؤں کے تنازعات اور احتجاج کے باوجود بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کو ریلیز کردیا گیا، جس میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی گئی۔

’پٹھان‘ کو اس کے گانے ’بے شرم رنگ‘ کی وجہ سے تنقید کا سامنا تھا اور انتہاپسند ہندوؤں نے شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکی بھی دے رکھی تھی جب کہ فلم کو کسی بھی صورت میں ریلیز نہ کرنے دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

انتہاپسند ہندوؤں کے مطابق ’بے شرم رنگ‘ میں دپیکا پڈوکون کو ہندوؤں کے لیے مقدس سمجھے جانے والے زعفرانی رنگ کا لباس پہنا کر ان سے نیم عریاں رقص کروایا گیا۔

انتہاپسندوؤں نے ’بے شرم رنگ‘ کو جواز بناکر شاہ رخ خان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کی فلم کے خلاف بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلایا اور دھمکی دی کہ اگر فلم کو ریلیز کیا گیا تو ملک بھر میں مظاہرے شروع کیے جائیں گے۔

انتہاپسندوں کے احتجاج کے بعد فلم سینسر بورڈ نے ’پٹھان‘ کی ٹیم کو ’بے شرم رنگ‘ گانے میں تبدیلیاں کرنے سمیت فلم کے کچھ مناظر کو بھی کاٹنے کا مشورہ دیا تھا مگر فلم میں کوئی بھی تبدیلی کیے بغیر اسے ریلیز کردیا گیا۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق سب سے زیادہ اعتراض ’بے شرم رنگ‘ پر کیا گیا تھا اور اس میں دپیکا پڈوکون کی نیم عریاں رقص کے مناظر کو کاٹنے کی سفارش بھی کی گئی تھی مگر فلم میں ایسا کچھ نہیں کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گانے میں دپیکا پڈوکون کی نیم عریاں ڈانس اور لباس کو تبدیل نہیں کیا گیا البتہ ان کے مناظر کو تھوڑا سا مختصر کردیا گیا۔

دوسری جانب فلم کو ریلیز کیے جانے کے بعد بھارت کی کچھ ریاستوں میں سینماؤں کے باہر احتجاج وغیرہ کی خبریں بھی سامنے آئیں مگر مجموعی طور پر بھارت بھر کے لوگوں نے شاہ رخ خان کی فلم کو سراہا اور فلم کو دیکھنے کے لیے مداحوں کی قطاریں لگ گئیں۔

زیادہ تر افراد نے فلم کو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فلم کی تعریفیں کیں اور بتایا کہ فلم میں ایسی کوئی متنازع بات نہیں تھی، انتہاپسندوں نے شاہ رخ خان کے خلاف پروپیگنڈا کیا۔

’پٹھان‘ کو بھارت بھر کے سینماؤں میں 24 اور 25 جنوری کی درمیانی شب ہی ریلیز کردیا گیا تھا اور ملک بھر میں اس کا پہلا شو صبح 5 بجے شروع کیا گیا اور فلم کے پہلے شو کو دیکھنے کے لیے بھی لوگوں کی قطاریں لگ گئیں۔

فلمی تجزیہ نگار ترن آدرش کے مطابق ’پٹھان‘ نے پہلے ہی روز تنازعات اور احتجاجوں کے باوجود 20 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرکے نیا اعزاز حاصل کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024