• KHI: Partly Cloudy 22.9°C
  • LHR: Clear 16.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.9°C
  • LHR: Clear 16.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.4°C

کراچی: سٹی کورٹ میں والد کی مبینہ فائرنگ سے بیٹی جاں بحق

شائع January 23, 2023
ایس ایس پی سٹی نے سول ہسپتال کراچی پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی — فائل فوٹو: کری ایٹو کامنز
ایس ایس پی سٹی نے سول ہسپتال کراچی پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی — فائل فوٹو: کری ایٹو کامنز

کراچی کی سٹی کورٹ میں والد نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے بیٹی کو قتل کردیا جبکہ پولیس اہلکار اور راہ گیر زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق لڑکی پسند کی شادی کرنے کورٹ پہنچی تھی جسے والد نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔

رپورٹ کے مطابق والد نے پولیس کی رائفل چھین کر ایک خاتون پر فائرنگ کی، خاتون گھر والوں کی مرضی کے خلاف کورٹ میرج کرنے کے لیے یہاں پر پہنچی تھی، جس پر خاتون کے والد تعاقب کرتے ہوئے سٹی کورٹ پہنچے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد قریب ہی موجود پولیس اہلکار کی رائفل چھین کر والد نے خاتون پر فائرنگ کردی، خاتون کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔

فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار اور راہ گیر زخمی بھی ہوئے، موقع پر موجود وکلا نے فائرنگ کرنے والے شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

سٹی کورٹ تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) عادل نے بتایا کہ سٹی کورٹ میں فیملی تنازع پر والد نے اپنی 23 سالہ بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں دو افراد زخمی ہوئے، جن میں ہیڈ کانسٹیبل عمران زمان اور راہ گیر واجد شامل ہیں، جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، مزید تحقیقات کی جاری ہیں۔

ایس ایس پی سٹی نے سول ہسپتال کراچی پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی، ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، 65 سالہ ملزم کا نام امیر زمان محسود ہے جس نے گیٹ نمبر 4 کے قریب فائرنگ کی۔

ایس ایس پی سٹی نے بتایا کہ مقتولہ کے والد نے لڑکی کو پسند کی شادی کرنے پر غیرت کے نام پر قتل کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گیٹ نمبر 4 پر موجود ہیڈ کانسٹیبل خیبر زمان کو معطل کردیا گیا ہے، مزید انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 15 نومبر 2021 کو کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی گاڑی پر مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، ان کی اہلیہ سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

اس جوڑے نے کچھ عرصہ قبل اپنی پسند سے شادی کی تھی جبکہ لڑکی کے اہل خانہ اس شادی کے مخالف تھے۔

ایس ایس پی شرقی رضا جسکانی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ وسیم اعجاز اپنی بیوی کوثر وسیم اور دیگر رشتے داروں کے ہمراہ گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ شاہراہ فیصل پر دوسری گاڑی میں سوار مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روک کر ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی۔

25 جولائی 2020 کو کراچی کے علاقے ناظم آباد میں پسند کی شادی کرنے والے نوبیاہتا جوڑے کو مبینہ طور پر چاقو اور کلہاڑی کے وار سے قتل کردیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق 60 سالہ محمد سلیم قریشی اور ان کی 28 سے 30 سالہ بیوی حنا کو ناظم آباد نمبر ایک میں مبینہ طور پر لڑکی کے رشتہ داروں نے ’ذاتی وجوہات‘ کی بنا پر قتل کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2025
کارٹون : 23 دسمبر 2025