• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

امریکا: کیلیفورنیا کے ایشیائی اکثریتی آبادی والے شہر میں فائرنگ، 10 افراد ہلاک

شائع January 22, 2023
مونٹیری پارک میں فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اہلکار جائے وقوع پر چوکس کھڑے ہیں — فوٹو: اے ایف پی
مونٹیری پارک میں فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اہلکار جائے وقوع پر چوکس کھڑے ہیں — فوٹو: اے ایف پی

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ایشیائی اکثریتی آبادی والے شہر مونٹیری پارک میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف کے محکمے سے جاری بیان کے مطابق لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف کے قتل عام کے تفتیش کار فائرنگ سے ہلاکت کے معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں جہاں اس فائرنگ کے نتیجے میں10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص ایک مرد تھا تاہم ابھی تک اس بارے میں کوئی تصدیق نہیں ہوسکی کہ وہ مفرور ہے یا پکڑا جاچکا ہے۔

لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق رات 10 بجے پیش آنے والے اس فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔

لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف ڈپارٹمنٹ کے کیپٹن اینڈریو میئرز نے بتایا کہ ہمیں رات 10 بجکر 20 منٹ پر فائرنگ کی اطلاع ملی اور جب ہم وہاں پہنچے تو جائے وقوع سے لوگ بڑی تعداد میں باہر نکل رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مونٹیری پارک کے پولیس فائر ڈپارٹمنٹ نے موقع پر پہنچ کر 10 لوگوں کو مردہ قرار دیا جبکہ مزید 10 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ کرنے والا شخص جائے وقوع سے فرار میں کامیاب ہوگیا اور اس کی تلاش جاری ہے۔

مونٹیری پارک لاس اینجلس سے 13 کلومیٹر دور واقع ہے اور یہاں ایشیائی آبادی کی اکثریت ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ فائرنگ ہفتے کی رات چین کے سال نو کی تقریبات کے دوران منعقدہ ایک ڈانس پارٹی کے موقع پر ہوئی۔

ایک مقامی خاتون وونگ وائی نے ’لاس اینجلس ٹائمز‘ کو بتایا کہ ان کے دوست ڈانس کلب میں موجود ہیں اور جب فائرنگ ہوئی تو وہ باتھ روم میں تھے، جب وہ باہر آئیں تو انہوں نے ایک مسلح شخص اور تین لاشوں کو دیکھا جو اس کلب کے مالک تھے۔

اخبار کے مطابق جائے وقوع کے قریب ہی واقع سمندری کھانوں کے باربی کیو ریسٹورنٹ کے مالک وون چوئی نے بتایا کہ تین افراد بھاگتے ہوئے ان کے ریسٹورنٹ میں داخل ہوئے اور ان سے کہا کہ وہ دروازے کو اندر سے لاک کرلیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ان تینوں افراد نے بتایا کہ وہاں ایک شخص نیم خودکار گن کے ساتھ موجود ہے اور اس کے پاس بڑی مقدار میں گولیاں موجود ہیں۔

لاس اینجلس ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ چین کے سال نو کی دو روزہ تقریبات کے سلسلے میں دن میں ہزاروں لوگ جمع ہوئے تھے اور یہ جنوبی کیلی فورنیا کے چند بڑے ایونٹس میں سے ایک ہوتا ہے۔

مونٹیری پارک کی آبادی 61 ہزار نفوس پر مشتمل ہے جن میں سے اکثر ایشیائی یا ایشیائی امریکی باشندے ہیں۔

امریکا میں اس طرح کے فائرنگ کے واقعات ہر گزرتے سال کے ساتھ ایک بڑا المیہ بنتے جارہے ہیں جہاں صرف گزشتہ سال ہی اس طرح کے 647 واقعات رونما ہوئے تھے۔

امریکا میں 2022 میں گن سے فائرنگ کے واقعات میں 44 ہزار سے افراد موت کے منہ میں گئے اور ان میں سے نصف سے زائد واقعات خودکشی کے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024