• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

پشاور: پولیس وین کے قریب دھماکا

شائع January 22, 2023
دھماکے میں ایک کلو گرام کے قریب بارودی مواد استعمال کیا گیا — فوٹو: زاہد امداد
دھماکے میں ایک کلو گرام کے قریب بارودی مواد استعمال کیا گیا — فوٹو: زاہد امداد

خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں گشت پر مامور تھانہ بڈھ بیر پولیس وین کے قریب دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کا دھماکا ہوا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پشاور کیپیٹل سٹی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بڈھ بیر کی حدود میں شیخان پولیس چوکی کے انچارج ناصر خان گشت پر موجود تھے کہ اسی دوران ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا۔

بیان میں بتایا گیا کہ دھماکے سے ناصر خان کی گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا جبکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اہم شواہد اکٹھا کرنے کے لیے پولیس کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے، پولیس نے بتایا کہ واقعے کی تفصیلی تحقیقات کی جارہی ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کے مطابق دھماکے میں ایک کلو گرام کے قریب بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے سیز فائر ختم کرنے کے بعد ملک بالخصوص خیبرپختونخوا اور افغانستان کی سرحد سے متصل علاقوں میں پولیس کو نشانے بناتے ہوئے دہشت گرد حملے شروع کیے تھے۔

گزشتہ رات ضلع چارسدہ کے تھانہ نستہ کی حدود ڈھیری زرداد میں پولیس ناکہ بندی پر نامعلوم 3 دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔

اس کے علاوہ 14 جنوری کو پشاور میں واقع سربند پولیس اسٹیشن پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 10 جنوری کو ڈیرہ اسمٰعیل خان میں یارک پولیس اسٹیشن پر نامعلوم دہشت گردوں نے رائفلز اور میزائلوں سے حملہ کیا، تاہم حملے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024