• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

چارسدہ میں پولیس چوکی پر طالبان دہشت گردوں کی فائرنگ، ایک اہلکار شہید

شائع January 21, 2023
خیبر پختونخوا پولیس کے افسران شہید پولیس کانسٹیبل کا تدفین سے قبل آخری دیدار کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
خیبر پختونخوا پولیس کے افسران شہید پولیس کانسٹیبل کا تدفین سے قبل آخری دیدار کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ کے تھانہ نستہ کی حدود ڈھیری زرداد میں پولیس ناکہ بندی پر نامعلوم تین دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔

چارسدہ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد کے مطابق ڈھیری زرداد میں شام پانچ بجے کے قریب پولیس چوکی پر تعینات اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کو چوکی پر رکنے کا اشارہ کیا جس پر انہوں نے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

چارسدہ پولیس کے ترجمان سیف اللہ نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے ایک پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے، شہید پولیس اہلکار کی شناخت کانسٹیبل عمران خان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی اہلکاروں کے نام یوسف علی اور رمیز خان ہیں۔

ڈی پی او سہیل خالد نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد زخمی ہو گیا لیکن اسکے ساتھی اسے ساتھ لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کو تلاش کررہے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکار عمران خان کی نمازہ جنازہ پولیس لائن چارسدہ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔

پولیس افسران نے چارسدہ پولیس دستے کے ہمراہ شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھول چڑھائے گئے۔

نمازہ جنازہ میں آر پی او مردان ریجن محمد علی خان، ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد، ڈسٹرکٹ کمشنر چارسدہ قاسم علی خان، سرکل ایس ڈی پی او، ایس ایچ اوز، سیاسی عمائدین، شہدا کے ورثا اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس افسران نے شہید کی بلند درجات اور ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی و دعائیں کی۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ایک بیان میں حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024