• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پنجاب: محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی، کالعدم تنظیموں کے 5 مشتبہ دہشت گرد گرفتار

شائع January 21, 2023
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے صوبے بھر میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی مختلف کارروائیوں میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے جاری بیان میں بتایا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور کالعدم سپاہ صحابہ (ایس ایس) سے ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ لاہور سے گرفتار دہشت گرد کی شناخت محمود موسیٰ کے نام سے ہوئی، جو کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کارندہ ہے، دیگر گرفتار دہشت گردوں میں عبدالحنان، رحمت علی، معاویہ اور محمد عربی شامل ہیں۔

محکمے نے دعویٰ کیا کہ دہشت گرد پنجاب میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کا منصوبہ بناچکے تھے، دہشت گردوں کو لاہور، بہاولپور اور شیخوپورہ سے خفیہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔

سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ ملزمان کے خلاف 4 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور انہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر رواں ہفتے 458 کومبنگ آپریشن کیے گئے جبکہ مشتبہ افراد کے خلاف 52 مقدمات درج کیے۔

واضح رہے کہ 23 دسمبر کو پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) نے صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

انہوں نے ہدایت کی تھی کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع، حساس اور عوامی مقامات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہونے چاہئیں۔

آئی جی نے کہا تھا کہ اسپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرنی چاہیے اور جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کے لیے ضلعی پولیس ٹیموں کو ممکنہ امداد فراہم کرے۔

خیال رہے کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے 24 دسمبر کو کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 7 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024