بجٹ خسارہ کم کرنے کیلئے وزیراعظم نے 15 رکنی کفایت شعاری کمیٹی تشکیل دے دی
بجٹ خسارہ کم کرنے اور عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کی شرائط پوری کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 15 رکنی کفایت شعاری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ملک میں آئندہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے دوران سرکاری وسائل کی بچت کے لیے اقدامات تجویز کرنے کے لیے کفایت شعاری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا کہ کمیٹی ملک کو درپیش مالی مشائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی گئی ہے جس میں ملکی وسائل کے تحفظ اور سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے کفایت شعاری اقدامات مرتب کیے جائیں گے۔
سابق بیورو کریٹ ناصر محمود کھوسہ 15 رکنی کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
کمیٹی اراکین میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا، وزیراعظم کے معاون خصوصی حکومتی کارکردگی، وزیراعظم کے مشیر اسٹیبلشمنٹ، کابینہ کے سیکریٹریز برائے خزانہ، پاور اور کابینہ ڈویژن کے علاوہ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین، ڈاکٹر قیصر بنگالی، ڈاکٹر فرخ سلیم، ڈاکٹر زبیر خان اور نوید افتخار شامل ہوں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی سرکاری اخراجات میں کمی، مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے حوالے سے سفارشات اور سرکاری وسائل کی بچت کے لیے اقدامات تجویز کرے گی، اس کے علاوہ اسٹرکچرل اصلاحات کی سفارشات بھی مرتب کرے گی۔
کمیٹی کفایت شعاری کے حصول کے لیے وزرا اور ڈویژن سے اقدامات کے حوالے سے سفارشات اور تجاویز طلب کرے گی، جس میں سرکاری اخراجات میں کمی اور دیگر مسائل پر غور کیا جائے گا۔
کفایت شعاری کمیٹی 15 روز میں وزیراعظم کو اپنی سفارشات پیش کرے گی۔